ملک میں کورونا بحران کے درمیان عیدالفطرجوش وخروش کے ساتھ منائی گئی

نئی دہلی، 14 مئی۔ ملک اور دنیا میں جمعہ کو جوش وخروش کے ساتھ عید الفطر منائی گئی لیکن کورونا وبا کی وجہ سے اس خوشی کے موقع پر اپنے گھروں میں ہی رہنے کے لئے مجبورہونا پڑا۔دارالحکومت کی تاریخی جامع مسجد سمیت ملک کی بیشتر مساجد کووڈ 19 کے باعث نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند ہیں اور لوگ عیدالفطر کے موقع پر بھی اپنے گھروں میں نمازاداکررہے ہیں۔ لوگ وبا کے پیش نظر سادگی کے ساتھ اور سوشل ڈسٹینسنگ پرعمل کرتے ہوئے بھائی چارے کایہ تہوار منارہے ہیں۔گھر میں نماز ادا کرنے کے بعد لوگوں نے اہل خانہ اور پڑوسیوں کو عید کی مبارکباد پیش کی۔ اس کے بعد لوگوں نے فون اورسوشل میڈیا کے دیگر ذرائع سے رشتہ داروں، دوستو اور خیر خواہوں کو عید کی خوشیاں شیئرکیں اور مبارکباد دی۔ملک میں اس موقع پر صدر، نائب صدر اور وزیر اعظم سمیت متعدد رہنماؤں نے باشندگان وطن کو عید الفطر کی مبارکباد دی ہے۔صدر رام ناتھ کووند نے باہمی بھائی چارے کے تہوار عید الفطر کے موقع پر باشندگان وطن کو مبارکباد اورنیک خواہشات پیش کیں۔مسٹر کووند نے آج ٹویٹ کیا ، “تمام وطن والوں کو عید مبارک۔ یہ تہوارباہمی بھائی چارے اور ہم آہنگی کے جذبات کومضبوط کرنے اور خود کوانسانیت کی خدمت کرنے کے لئے پھرسے وقف کرنے کاموقع ہے۔انہوں نے کہا ، “آئیے ہم کوویڈ 19 سے نمٹنے کے لئے تمام ضوابط پر عمل کرنے اور سماج و ملک کی بہتری کے لئے کام کرنے کا عہد کریں۔”نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے وطن عزیز کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لئے امن، خوشحالی اور صحت کے لئے دعاکی ہے۔
مسٹر نائیڈو نے آج اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالفطر رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام کے موقع پر منائی جاتی ہے اور یہ اخوت و یکجہتی کی علامت ہے۔ یہ تہوار زندگی میں ہمدردی، فراخدلی اور سخاوت کے جذبات اور اہمیت کو تقویت دیتا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے عیدالفطر کے موقع پر باشندگان وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے ٹویٹ کرکے کہا، ’’عید الفطر کے مبارک موقع پر نیک خواہشات۔ میں سب کی اچھی صحت اوربھلائی کے لئے دعا گو ہوں۔ ہم متحد ہوکر مشترکہ کوششوں سے عالمی وبا کودورکرسکتے ہیں اورانسانی بھلائی کوآگے بڑھانے کی سمت میں کام کرسکتے ہیں، عید مبارک۔کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے عید الفطر کے مبارک موقع پر باشندگان وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تمام لوگوں سے کوروناضوابط پر سختی سے عمل پیرا ہونے اور وبا سے محفوظ رہنے کی اپیل کی ہے۔محترمہ نے آج یہاں ایک پیغام میں کہا، “اخوت، قربانی اور جوش وخروش کا یہ تہوار سب کے لئے اچھی صحت، سکھ اور خوشحالی لائے اور ملک میں موجود بیماری، تشویش اور مایوسی کی فضا کاخاتمہ کرے۔” تمام لوگوں سے گزارش ہے کہ کورونا وبا کے پیش نظر عید گھر پر ہی منائیں اور انفیکشن سے بچاؤ کی تمام ہدایات اور اصولوں پر عمل کرتے ہوئے خود کو اور دوسروں کی حفاظت کریں۔مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے بھی کورونا انفیکشن کے پیش نظر اپنی رہائش گاہ پر ہی نماز ادا کی اور عیدالفطر کے موقع پر سب کی صحت اور تندرستی کی خواہش کی۔مسٹر نقوی نے ٹویٹ کیا اور کہا، “کورونا وبا کے سبب معاشرتی دوری کو مدنظر رکھتے ہوئے آج میں نے عید الفطر کے موقع پر اپنی رہائش گاہ پر نماز اداکی۔ اس موقع پر میں ملک کی خوشحالی، ہم آہنگی ، اتحاد، صحت اور خوشحالی کی دعاکرتا ہوں۔”ریاست تلنگانہ بلخصوص شہر حیدر آباد میںحکومت کے احکامات پر براداران اسلام نے پوری دیانت داری کے ساتھ عمل کیا۔شیعہ برادری نے کمشنر پولیس کی اپیل کے پیش نظر نماز عید گھروں پر ہی ادا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں