ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ صورتحال کا جائزہ لینے سینئر عہدیداروں پر زور
حیدرآباد۔ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے ریاست تلنگانہ میں 10 روز کے لاک ڈاؤن کے پیش نظر سینئر پولیس عہدیداروں سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ تبادلہ خیال کیا اور لاک ڈاؤن کے قوانین پر سختی سے عمل آوری کرنے کی ہدایت دی۔ مہیندر ریڈی نے ریاست کے تمام پولیس کمشنران، انسپکٹر جنرل پولیس اور رینج ڈی آئی جیز اور اضلاع کے سپرنٹنڈنٹس آف پولیس سے تبادلہ خیال کے دوران کہا کہ حکومت کی جانب سے 12 مئی تا 22 مئی نافذ کئے گئے لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کی جائے اور اس کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کہا کہ لاک ڈاؤن کے رہنمایانہ خطوط کے تحت پولیس کام کرے گی اور جن زمروں میں آمدورفت کی اجازت ہے اس میں پولیس رکاوٹ پیدا نہیں کرے گی۔ مہیندر ریڈی نے کہا کہ ریاست میں شادی تقاریب میں 40 سے زائد افراد کی شرکت پر امتناع رہے گا اور اس تقریب کیلئے قبل از وقت پولیس سے اجازت لینا لازمی ہوگا۔ اسی طرح آخری رسومات کیلئے بھی صرف 20 افراد کی شریک ہونے کی اجازت رہے گی۔ ڈائرکٹر پولیس نے ٹیکہ اندازی سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جو افراد ٹیکہ کی پہلی خوراک حاصل کرنے کیلئے متعلقہ سنٹرس جانا چاہتے ہیں وہ اپنے موبائیل فون پر پولیس کو اپواینٹمنٹ کی تفصیلات فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی منتقلی کیلئے کوئی رکاوٹ نہیں رہے گی۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ اور تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ہنگامی حالات میں سفر کرنے بین ضلعی اور بین کمشنریٹس میں آمدو رفت کیلئے ای۔ پاس جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بین ریاستی آمدورفت کیلئے دیگر ریاستوں سے آنے والے افراد کو ان کے متعلقہ ریاستی حکومت سے پاسیس جاری کئے جائیں گے جبکہ بین ریاستی اور بین کمشنریٹ حدود میں آمدورفت کیلئے متعلقہ پولیس کمشنرس اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس پاس جاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صبح 6 تا 10 بجے کے درمیان آمدورفت پر کسی بھی قسم کی پابندی نہیں رہے گی۔ADVERTISEMENT