تلنگانہ میں30 اپریل کے بعد مکمل لاک ڈاؤن پر حکومت کا سنجیدگی سے غور’وزیر داخلہ کا جائزہ اجلاس

وزیر داخلہ محمود علی کا جائزہ اجلاس ،ادویات کا ذخیرہ نہ کرنے عوام سے اپیل ۔ قواعد پر سختی سے عمل آوری کا مشورہ

حیدرآباد : ریاست میں کورونا کی دوسری لہر کا قہر جاری ہے۔ مریضوں کی تعداد میں اضافہ اور اموات میں دن بہ دن نیا ریکارڈ قائم ہورہا ہے جس کے پیش نظر تلنگانہ حکومت ریاست میں مکمل لاک ڈاؤن پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ اس سلسلہ میں وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے ریاست میں کورونا کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس اجلاس میں محکمہ داخلہ کے پرنسپل سکریٹری روی گپتا ، ڈی جی پی مہیندر ریڈی کے علاوہ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار ، پولیس کمشنر رچہ کنڈہ مہیش بھاگوت ، پولیس کمشنر سائبرآباد وی سی سجنار ، حیدرآباد ٹریفک پولیس کے جوائنٹ کمشنر انیل کمار کے علاوہ دوسرے پولیس عہدیدار موجود تھے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ حکومت کورونا کو کنٹرول کرنے کیلئے 30 اپریل کے بعد ریاست میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر بھی کورونا سے مکمل صحتیاب ہوگئے ہیں ۔ آج یا کل وہ کورونا کی صور تحال کا جائزہ لیں گے جس کے بعد لاک ڈاؤن سے متعلق قطعی فیصلہ کا امکان ہے ۔ لاک ڈاؤن کی رپورٹس اور خبروں کے علاوہ افواہوں سے عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اجلاس کے بعد کہا کہ چیف منسٹر لاک ڈاون نافذ کرنے کے موڈ میں نہیں ہیں اس سے معاشی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں ۔ آکسیجن اور ریمڈیسیور کی بلیک مارکیٹنگ پر پولیس کی گہری نظر ہے۔ نازک حالت سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ وزیر داخلہ نے ریاست میں نائیٹ کرفیو کا بھی جائزہ لیا اور پولیس کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کے ساتھ نرمی اختیار کریں اور ضرورتمندوں کی مددکریں ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری طور پر اپنے گھروں میں آکسیجن سیلنڈر ، ریمڈیسیور انجیکشن اور دیگر ادویات محفوظ نہ کریں ۔ اس سے مارکٹ میں ان چیزوں کی قلت پیدا ہورہی ہے جبکہ حقیقت میں ریاست میں آکسیجن کی کوئی قلت نہیں ہے ۔ چیف منسٹر آکسیجن اور ادویات کی قلت کو دور کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر عملی اقدامات کر رہے ہیں ۔ وزیر داخلہ نے بتا یاکہ دوسرے ریاستوں سے عوام کی آمد و رفت سے تلنگانہ میں کورونا کے کیسیس میں اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا سے جاری اس لڑائی میں حکومت سے مکمل تعاون کریں اور رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل کریں ۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ ماہ رمضان میں کورونا کے خاتمہ‘ ریاست کی خوشحالی امن ‘ چین اور سکون کیلئے دعا کریں ۔ سوشیل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا بھی انہوں نے انتباہ دیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں