حیدرآباد میں ہنومان جینتی کے موقع پر نکالی جانے والی شوبھا یاترا منسوخ

حیدرآباد: کورونا وائرس کا اثر شہر حیدرآباد میں ہنومان جینتی کے موقع پر نکالی جانے والی شوبھا یاترا پر بھی پڑا۔ہر سال شوبھا یاترا کا جلوس نکالاجاتا تھا۔جاریہ سال کوویڈ19کی لہر کے سبب پولیس اورحکومت نے کوویڈ قواعد کے پیش نظر شوبھایاترا نکالنے کی اجازت دینے سے انکار کردیاتھا تاہم وی ایچ پی اور بجرنگ دل نے تلنگانہ ہائی کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے شوبھایاترا نکالنے کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی۔عدالت نے اس یاترا کی اجازت صرف 21افراد کے ساتھ دی تھی۔یہ یاترا گولی گوڑہ سے تاڑبن سکندرآباد تک نکالی جاتی ہے ۔عدالت نے پولیس کو ہدایت دی تھی کہ وہ شوبھایاترا کی ویڈیوریکارڈنگ کرتے ہوئے اس کی عدالت میں رپورٹ پیش کرے ۔ساتھ ہی عدالت نے وی ایچ پی اور بجرنگ دل کے کارکنوں کو کوویڈ قواعد پر سختی سے عمل کرنے کی بھی ہدایت دی تھی۔اس یاترا کے سلسلہ میں شردھالووں کی کثیر تعداد کی آمد کی وجہ سے بجرنگ دل نے اس شوبھایاترا کو منسوخ کردیا۔بجرنگ دل کے ذمہ داروں نے کہا کہ اس یاترا کے لئے تین ماہ سے تیاریاں کی جارہی تھیں۔اس خصوص میں حکومت سے اجازت مانگی گئی تھی تاہم حکومت نے اس یاترا کی اجازت نہیں دی۔انہوں نے حکومت پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ صرف بجرنگ دل کے پروگراموں پر ہی کیوں پابندی عائد کی جارہی ہے ۔شوبھایاترا کے لئے 21سوامی ہی گاڑیوں پر روانہ ہوئے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں