ناسک کے ذاکر حسین اسپتال میں اندوہناک حادثہ! آکسیجن لیک ہونے سے اب تک ۲۲؍مریض جاں بحق

Share

ممبئی۔ ۲۱؍اپریل: – ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے او رہر دن کووڈ ۱۹ کے نئے ریکارڈ سامنے آرہے ہیں، اسی وجہ سے کئی ریاستوں میں آکسیجن کی قلت ہے اور اسی درمیان مہاراشٹر کے ناسک کے ایک اسپتال میں اندوہناک حادثہ رونما ہوگیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ناسک کے ذاکر حسین اسپتال میں آکسیجن لیک ہونے کی وجہ سے اب تک ۲۲؍افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ وزیر صحت راجیش ٹوپے نے بتایاکہ آکسیجن لیک حادثے میں اب تک ۲۲ لوگوں کی جان گئی ہے؛ جبکہ کئی مریضوں کی حالت انتہائی سنگین ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ذاکر حسین اسپتال میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے مریضوں کی موت ہوئی ہے، یہ سبھی مریض وینٹی لیٹر پر تھے۔آکسیجن لیک ہونے کی وجہ سے آکسیجن سپلائی بند کردی گئی تھی جس کی وجہ سے تقریباً آدھے گھنٹے کے دوران ۲۲؍ مریض جان کی بازی ہار گئے۔ اس اسپتال میں ۱۷۱ مریض زیر علاج تھے جنہیں دوسرے اسپتال میں شفٹ کیاجارہا ہے، معاملے کی تحقیقات کا حکم دیاگیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لیکج کی وجہ سے آکسیجن کی ترسیل ٹھپ ہوگئی تھی اس وجہ سے وینٹی لیٹر پر موجود مریض تڑپنے لگے اور ۲۲ مریض آنافاناً زندگی کی جنگ ہار گئے۔ ناسک ذاکر حسین اسپتال میں آکسیجن لیک ہونے کے بعد پورے علاقے میں آکسیجن گیس پھیل گئی، ریسکیو کے لیے فائر بریگیڈ کی ٹیم کو موقع پر آنا پڑا، فی الحال حالات قابو میں ہیں۔ بتادیں کہ مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے بڑھتے معاملوں کی وجہ سے حالات انتہائی خراب ہیں او رکئی اضلاع میں آکسیجن کا شدید بحران ہے۔ اسی وجہ سے مریضوں کو اپنی جان گنوانی پڑرہی ہے۔ریاستی حکومت نے مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ہوائی راستے سے آکسیجن ریاست میں سپلائی کرے؛ تاکہ مریضوں کو بروقت آکسیجن دی جاسکے اور ان کی جان بچائی جائے۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر میں منگل کو کورونا وائرس کے ۶۲۰۹۷ نئے معاملے سامنے آئے تھے جبکہ ۵۱۹ لوگوں کی موت ہوگئی تھی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں