چیف منسٹر اقلیتوں کی ترقی کیلئے پابند عہد:وزیرداخلہ محمود علی

حیدرآباد : وزیرداخلہ محمد محمود علی نے کہاکہ تلنگانہ کی حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے عہد کی پابند ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر ایک سیکولر اور اقلیت نواز قائد ہیں۔ اسمبلی حلقہ ناگر جنا ساگر کے ضمنی انتخاب میں پارٹی امیدوار این بھگت کمار کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد منعقدہ اقلیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے متعارف کی گئی اسکیمات سارے ملک کے لئے مثالی ہیں۔ بالخصوص مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے اور مسابقتی دور میں دوسروں کے برابر ترقی کرنے کے لئے اقلیتی ریسیڈنشیل اسکولس قائم کئے گئے جہاں پر غریب مسلم طلبہ کو کارپوریٹ طرز کی مفت تعلیم، قیام و طعام کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ شادی مبارک اسکیم متعارف کراتے ہوئے غریب والدین کے بوجھ کو کم کیا گیا۔ تمام اہلیتی امتحانات کی تربیت فراہم کرنے کے علاوہ بیرونی ممالک میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے اوورسیز اسکالرشپس فراہم کی جارہی ہے۔ محمد محمود علی نے کہاکہ ملک کا جائزہ لیا جائے تو تلنگانہ واحد ریاست ہے جہاں مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لئے بے شمار اقدامات کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹرکے سی آر ناگر جنا ساگر حلقہ کی ترقی کیلئے فکرمند ہیں۔ ٹی آر ایس کی اس حلقہ سے کامیابی پر یہ حلقہ ساری ریاست میں مثالی ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں