چیف منسٹر وجئے روپانی کیلئے ایک امتحان ، بھروچ میں مجلس کا پی ٹی پی سے اتحاد
احمدآباد : گجرات میں بلدی انتخابات کیلئے رائے دہی کا آغاز ہوا ہے ۔ ریاست میں 6 میونسپل کارپوریشنوں کیلئے ووٹ ڈالے جارہے ہیں ۔ بی جے پی نے پہلی مرتبہ بھروچ سے 31 مسلم امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارا ہے جہاں مجلس اتحاد المسلمین نے مقامی پارٹی بی ٹی پی سے اتحاد کیا ہے ۔ میونسپل کارپوریشن کیلئے رائے دہی کا عمل مشترکہ ہونے کے بعد ان علاقوں احمدآباد ،۔ سورت ، بھاؤنگر ، جام نگر اور ایکوسٹ میں پُرامن رائے دہی ہوئی ۔ یہ انتخابات چیف منسٹر وجئے روپانی کیلئے ایک کڑی آزمائش ہیں اگر بلدی انتخابات میں بی جے پی کا اثر بہتر ہوتا ہے تو آنے والے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے مزاج کا فیصلہ کرسکتے ہیں ۔ میونسپل انتخابات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے بی جے پی نے اپنے اہم امیدواروں کو ٹکٹ دیا ہے ۔ مسلم امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ بھی موجودہ حالات کے تناظر میں کیا گیا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 575 نشستوں کے لئے رائے دہی ہوئی جس کیلئے 2276 امیدوار میدان میں ہیں ۔ ان میں سے بی جے پی سے 577 ، کانگریس سے 566 ، عام آدمی پارٹی سے 470 ، این سی پی کے 91 اور دیگر جماعتوں سے 353 اور 228 آزاد امیدوار میدان میں ہیں ۔ انتخابات کے نتائج کا اعلان 23 فبروری کو ہوگا ۔ وزیر داخلہ امیت شاہ نے اپنے ارکان خاندان کے ہمراہ ووٹ ڈالا ۔ امیت شاہ آج صبح احمدآباد میونسپل کارپوریشن کے ناری پور وارڈ میں اپنا ووٹ ڈالا ہے ۔ چیف منسٹر وجئے روپانی نے اپنے آبائی شہر راجکوٹ میں ایک اسکول کے پولنگ بوتھ پر پہنچ کر ووٹ ڈالا ۔ کورونا کی زد میں آنے والے روپانی اس وقت احمدآباد کے ایک دواخانہ میں زیر علاج ہیں ۔ بلدی انتخابات میں بی جے پی نے اپنی روایت سے ہٹ کر مسلم امیدواروں کو ٹکٹ دیا ۔ بھروچ کے 320 بلدیاتی نشستو ں میں سے 31 مسلم امیدوار تقرر کئے گئے ہیں ۔ بھروچ ایک قبائلی اکثریتی علاقہ ہے جہاں سے مجلس نے بھارتیہ ٹرائپل پارٹی سے اتحاد کیا ہے ۔