مجلس کی تائید سے وجئے لکشمی گدوال مئیر حیدرآباد منتخب ایم سری لتا ڈپٹی مئیر ٰٰ ٰٰ

ٹی آر ایس امیدواروں کو مجلس کی تائید۔ بی جے پی امیدواروں کو شکست۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ دونوں عہدوں پر خواتین فائز

حیدرآباد۔ ٹی آر ایس کی آر وجئے لکشمی گدوال کو گریٹر حیدرآباد کی نئی مئیر منتخب کرلیا گیا ہے ۔ ٹی آر ایس ہی کی ایم سری لتا کو ڈپٹی مئیر منتخب کیا گیا ہے ۔ یہ انتخاب گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے پہلے کونسل اجلاس میں عمل میں آیا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہے جب کسی خاتون کو مئیر اور ڈپٹی مئیر دونوں ہی عہدوں پر منتخب کیا گیا ہے ۔ وجئے لکشمی گدوال ٹی آر ایس جنرل سکریٹری و رکن راجیہ سبھا کے کیشو راو کی دختر ہیں۔ وہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں بنجارہ ہلز ڈویژن سے منتخب ہوئی تھیں۔ سری لتا تارناکہ ڈویژن سے کارپوریٹر منتخب ہوئی تھیں۔ بی جے پی نے مئیر کیلئے آر کے پورم کارپوریٹر رادھا ریڈی اور ڈپٹی مئیر کیلئے رام نگر کارپوریٹر شنکر یادو کے پرچۂ نامزدگی داخل کئے تھے لیکن شکست خوردہ بی جے پی کے امیدوارو ں کو بی جے پی کے منتخبہ کارپوریٹرس اور ارکان بہ اعتبار عہدہ ووٹ حاصل ہوئے جبکہ ٹی آر ایس امیدوارہ مسز جی وجیہ لکشمی اور ڈپٹی مئیر مسز ایم سری لتا کو تلنگانہ راشٹرسمیتی کے کارپوریٹرس و ارکان بہ اعتبار عہدہ کے علاوہ مجلسی کارپوریٹرس اور ارکان بہ اعتبار عہدہ کے ووٹ حاصل ہوئے ۔ مئیر اور ڈپٹی مئیر کے انتخاب کیلئے اعلان کے ساتھ پہلے بی جے پی امیدوار کو ملی تائید کا مشاہدہ کیا گیا اور بعد ازاں تلنگانہ راشٹر سمیتی امیدوار کے اعلان کے ساتھ ہی مجلسی کارپوریٹرس اور رکان بہ اعتبار عہدہ نے تائید کا اعلان کرکے ان کے حق میں ووٹ دیا۔ علاوہ ازیں ڈپٹی مئیر کے انتخاب کے دوران بھی مجلس نے تلنگانہ راشٹر سمیتی کی تائید کی ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں موجودہ 150 بلدی حلقوں کی جملہ نشستوں میں 50 فیصد نشستیں خواتین کیلئے محفوظ ہیں اور نشستوں کے علاوہ بھی 6 نشستوں پر خواتین نے کامیابی حاصل کی ہے اور جملہ 81خاتون ارکان بلدیہ ہیں۔ بی جے پی کے ایک رکن کے فوت ہونے کے بعد جی ایچ ایم سی میں 149 ارکان بلدیہ ہیں جن میں 81 خواتین اور 68 مرد ہیں۔ مئیر و ڈپٹی مئیر کے انتخاب کی نگرانی ریٹرننگ آفیسر مسز شویتا موہنتی نے کی اور انتخابی مبصر مسٹر سندیپ کمار سلطانیہ موجود تھے۔ مئیر اور ڈپٹی مئیر کو انتخاب کے ساتھ کامیابی کی سند دی گئی ۔ مئیر کیلئے مسز وجیہ لکشمی کے نام کی تجویز سابق ڈپٹی مئیر بابا فصیح الدین نے پیش کی جس کی تائید کے بعد ان کے حق میں ٹی آر ایس و مجلس نے ہاتھ اٹھا کر رائے دہی میں حصہ لیا۔ ٹی آر ایس نے امیدوار کے نام کو لمحۂ آخر تک مخفی رکھنے میں کامیابی حاصل کی کیونکہ امیدوار کے اعلان کے بعد داخلی بغاوت کا خدشہ تھا اسی لئے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے 7فروری کو واضح کردیا تھا کہ امیدوار کا نام اجلاس کے دن بند لفافہ میں کو روانہ کیا جائے گا اور اجلاس کے آغاز کے بعد ہی مئیر اور ڈپٹی مئیر کے ناموں کا انکشاف کیا جائیگا۔فیصلہ کے مطابق آج صبح حلف برداری تک امیدوار کے نام کے انکشاف کے باوجود توثیق نہیں کی گئی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں