younus February 7, 2021
کانپور۔ مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ مسترد کردہ سیاستدان اور بھارت کو تنقید کا نشانہ بنانے والے بریگیڈ نے ایک مجرمانہ سازش رچی ہے تاکہ ملک کو بدنام کیا جاسکے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مجرمین گمراہ کن خبریں پھیلاتے ہیں اور ملک کو ہی تنقیدوں کا نشانہ بناتے ہیں۔ اس طرح کے افراد کو ہمیشہ ہی ملک کے عوام نے شکست دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح کے افراد نے ملک میں نام نہاد عدم رواداری کا ہوا کھڑا کیا تھا ‘ پاکستان پر کئے گئے سرجیکل اسٹرائیک پر سوال کیا تھا ‘ سی اے اے کے تعلق سے الجھن پیدا کی تھی اور کورونا وباء کے دوران عوام کی بہتری کیلئے کئے گئے اقدامات کی مخالفت کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ گمراہی گینگ نے کسانوں کے احتجاج کو یرغمال بنالیا ہے اور اس پر سیاست کر رہے ہیں۔ ملک کے کچھ افراد میںاب بھی جاگیردارانہ ہٹ دھرمی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام نے ہمیشہ ہی مجرمانہ سازشوں اور سیاسی منافقت کو شکست دی ہے اور انہوں نے نریندر مودی حکومت کی پالیسیوں میں یقین کا اظہار کیا ہے ۔ مودی نے 2014 اور 2019 میں ملک کے عوام سے تائید طلب کی تھی اور عوام نے بھاری اکثریت سے کامیابی دلائی ہے ۔ ایک طرف ملک کو بدنام کیا جا رہا ہے تو دوسری جانب فرضی پروپگنڈہ کرتے ہوئے اقلیتوں میں عدم تحفظ کے احساس کا تذکرہ کیا جا رہا ہے ۔