وقف بورڈ کا آج اہم اجلاس، 10 مختلف اُمور ایجنڈہ میں شامل
حیدرآباد۔ تلنگانہ وقف بورڈ کا اجلاس بروز پیر 8 فروری کو حج ہاوز نامپلی میں منعقد ہوگا جس میں حالیہ عرصہ میں دو قبرستانوں کی اراضی کو لیز پر دینے سے متعلق فیصلہ سے دستبرداری اختیار کی جائے گی۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے قبرستانوں کی اراضی کے تحفظ کے مقصد سے یہ اجلاس طلب کیا ہے اور ایجنڈہ میں دونوں قبرستانوں کے مسئلہ کو شامل کیا گیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بورڈ کے اجلاس ایجنڈہ میں 10 اُمور کو شامل کیا گیا ہے جن میں 2 اہم امور قبرستان کوکہ پیٹ ضلع رنگاریڈی اور قبرستان جان اللہ شاہ افضل گنج کے لیز کا معاملہ شامل ہے۔ وقف بورڈ کے سابق سی ای او محمد قاسم نے کوکہ پیٹ کی 4416 مربع گز اراضی ریسٹورنٹ کی تعمیر کیلئے لیز پر دینے کے احکامات جاری کئے تھے۔ 14 ڈسمبر کو اس سلسلہ میں پروسیڈنگ جاری کردی گئی تاہم نئے چیف ایگزیکیٹو آفیسر شاہنواز قاسم نے فیصلہ پر عمل آوری کو روک دیا اور حکومت کو رپورٹ روانہ کردی۔ اسی طرح افضل گنج میں واقع قبرستان جان اللہ شاہ کی اراضی پر کمرشیل کامپلکس کی تعمیر سے متعلق وقف بورڈ کی قرارداد پر عمل آوری کو شاہنواز قاسم نے روکنے کا فیصلہ کیا۔ دونوں قراردادوں سے دستبرداری اختیار کرنے کیلئے پیر کو وقف بورڈ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ مسلمانوں میں پائی جانے والی بے چینی کو دیکھتے ہوئے بورڈ نے دونوں فیصلوں سے دستبرداری کی ٹھان لی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اجلاس کے ایجنڈہ میں 10 آئیٹمس کو شامل کیا گیا ہے۔ سدا سیو پیٹ میں واقع قبرستان فتح اللہ شاہ کیلئے کمیٹی کو بورڈ منظوری دے سکتا ہے۔ درگاہ حضرات یوسفین ؒ کے موجودہ عارضی متولی کی میعاد 12 فروری کو ختم ہورہی ہے اور توقع ہے کہ بورڈ درگاہ کے انتظامات اپنی راست نگرانی میں لینے کا فیصلہ کرے گا۔ وقف بورڈ کا ماننا ہے کہ قبرستانوں کی اراضی کے سلسلہ میں ماتحت عہدیداروں کی رپورٹ کی بنیاد پر قراردادیں منظور کی گئی تھیں لیکن حقائق کا پتہ چلنے کے بعد اراضی کو لیز پر دیئے جانے کا فیصلہ واپس لیا جارہا ہے۔