younus February 8, 2021
تبدیلی کی قیاس آرائیاں مسترد، میں مکمل صحتمند ہوں ، میئر اور ڈپٹی میئر کے نام مہر بند لفافہ میں دیئے جائیں گے
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں چیف منسٹرکی تبدیلی سے متعلق قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے واضح کردیا کہ وہ آئندہ 10 برسوں تک اس عہدہ پر برقرار رہیں گے۔ انہوں نے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ چیف منسٹر کی تبدیلی کے بارے میں بیان بازی بند کردیں۔ کے سی آر آج تلنگانہ بھون میں پارٹی کی ریاستی عاملہ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ دو گھنٹے سے زائد تک اجلاس جاری رہا جس میں پارٹی کے تنظیمی استحکام، مجالس مقامی، گریجویٹ زمرہ کی ایم ایل سی نشستوں اور ناگرجنا ساگر ضمنی چناؤ جیسے اُمور پر غور کیا گیا۔ حالیہ عرصہ میں کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنائے جانے سے متعلق قیاس آرائیوں پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر نے صاف لفظوں میں کہہ دیا کہ وہ اسمبلی میں پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ وہ دس برسوں تک عوام کی خدمت کیلئے عہدہ پر برقرار رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں اور چیف منسٹر کی حیثیت سے فرائض کی انجام دہی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ کے سی آر نے کہا کہ میں نے جدوجہد کے ذریعہ علحدہ تلنگانہ ریاست حاصل کی ہے اور میرے لئے عہدے کوئی اہمیت نہیں رکھتے میں نے علحدہ تلنگانہ کیلئے کئی عہدوں کو چھوڑ دیا ہے۔ میں آئندہ 10 برسوں تک چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز رہوں گا اس کا سابق میں اسمبلی میں اعلان کرچکا ہوں۔ باوجود اس کے نئے چیف منسٹر کے بارے میں بیان بازی میری سمجھ سے باہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپریل میں ٹی آر ایس کا بڑا جلسہ عام منعقد ہوگا۔ 12 فروری سے پارٹی کی رکنیت سازی مہم کا آغاز ہوگا جبکہ یکم مارچ سے پارٹی کمیٹیوں کی تشکیل شروع کی جائے گی۔ کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کا کسی بھی پارٹی سے مقابلہ نہیں ہے۔ ایم ایل سی کی دو نشستوں، ورنگل اور کھمم کارپوریشنوں اور ناگرجنا ساگر ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس کی کامیابی کیلئے پارٹی قائدین کو متحرک ہوجانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد گاؤں سے ریاستی سطح تک کی تمام کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ رکنیت سازی کے نشانہ کی تکمیل پر توجہ دی جائے۔ ہر اسمبلی حلقہ میں 50 ہزار کی رکنیت سازی کا منصوبہ ہے۔ چیف منسٹر نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر کے امیدواروں کے سلسلہ میں تجسس برقرار رکھتے ہوئے اعلان کیا کہ 11 فروری کو الیکشن کے دن میئر اور ڈپٹی میئر کے امیدواروں کے نام مہربند لفافہ میں روانہ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہ اعتبار عہدہ ارکان کو کارپوریٹرس کے ساتھ مل کر اجلاس میں شرکت کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں شریک ارکان کو مہر بند لفافہ میں بتائے گئے ناموں کو ووٹ دے کر میئر اور ڈپٹی میئر منتخب کرنا ہوگا۔ عاملہ کے اجلاس میں پارٹی ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کے علاوہ سکریٹری جنرل ڈاکٹر کے کیشو راؤ، ریاستی وزراء ، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی و کونسل، کارپوریشنوں کے صدورنشین، ضلع پریشد صدورنشین، میونسپل کارپوریشنوں کے میئرس، ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو بینکس کے صدور، ریاستی عاملہ کے ارکان اور دوسروں نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اپریل میں جلسہ عام میں لاکھوں کی تعداد میں عوام شرکت کریں گے۔ اجلاس کے آغاز سے قبل سابق رکن اسمبلی آنجہانی ایم نرسمہیا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔