امریکہ‘ تمام ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہاں:صدر جوبائیڈن


صدر امریکہ جوبائیڈن نے آج یہاں کہا ہے کہ ان کا انتظامیہ اصلاحات پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی بھی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ اپنی سابق پالیسیوں کو روبہ عمل لائے گا تاکہ ایسے ممالک جن کے ساتھ تعلقات بگڑ گئے تھے اب ان ممالک سے تعلقات کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔ صدر امریکہ نے کہا ہے کہ سابق ٹرمپ انتظامیہ کے دوران حلیفوں کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے یا پھر دوری پیدا ہوگئی تھی لیکن اب ہم امریکہ کی جو پالیسی ہونی چاہئے اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے تعلقات کو استوار کرنے کی کوشش کریں گے۔ صدر کی حیثیت سے بیرونی پالیسی کے تعلق سے پہلی مرتبہ اظہار خیال کرتے ہوئے جوبائیڈن نے کہا کہ دور حاضر کے تقاضوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہم کو کام کرنا ہوگا تاکہ نہ صرف دوسرے ممالک سے امریکہ کے تعلقات استوارہوتے جائیں بلکہ ہمارا موقف بھی بہتر ہوجائے۔ یہ اسی صورت میں ہوگا جبکہ ہم حلیفوں اور شراکت داروں کے ساتھ اشتراک وتعاون قائم کرنے کی کوشش کریں گے۔ہماری جو ساکھ تھی اس کو بحال کرنے کی بھی کوشش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی اداروں کی تجدید اور کشادگی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ سابق دور حکومت میں کئے گئے نامناسب اقدامات کو اب ہم مناسب اقدامات میں تبدیل کریں گے۔ انہوں نے صدر کی حیثیت سے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد پہلی مرتبہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا دورہ کرتے ہوئے مختلف امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم صرف کچھ نہیں کرسکتے۔ اس سلسلہ میں سب کا اشتراک و تعاون ضروری ہے تاکہ ملک کی معیشت کو بہتر بنانے کے علاوہ دوسرے پیچیدہ امور کی بھی یکسوئی ہوجائے۔ انہوں نے امریکہ کے روایتی حلیفوں کا تذکرہ کیا اور کہاکہ پیشرو ڈونالڈٹرمپ کے دور میں بعض ممالک کے ساتھ دوریاں پیدا ہوگئی تھیں۔ لیکن اب ہم اس سلسلہ میں ہوئی غلطیوں اور نقائص کو دورکریں گے۔ صدر امریکہ کی تقریر کے موقع پر نائب صدرکملاہیریس بھی موجود تھی۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی وباءسے نمٹنے کے لئے ہم نے موثر اقدامات کئے ہیں۔ ماحولیات کا مسئلہ ہویا پھر نیوکلیئر ہتھیاروں کا پھیلا¶۔ اس طرح کے چیالنجس سے نمٹنے کے لئے متحدہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیرونی ممالک میں امریکی فوج کی موجودگی سے متعلق امور کا جائزہ بھی لیا جائے گا اور کہا کہ یمن میں 5 سالہ شورش اور افراتفری ختم کی جانی چاہئے۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ یمن کے تنازعہ کی یکسوئی کی راہ ہموار ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں