نئی دہلی: دبئی سے کیرالہ آنے والا ایئر انڈیا کا ایک مسافر بردار طیارہ جمعہ کی رات لینڈنگ کے وقت کالی کٹ بین الاقوامی ہوائی اڈہ کے رن وے سے پھسل کر گھاٹی میں گر گیا۔ حادثہ کی وجہ سے طیارے کے دو ٹکڑے ہو گئے۔ ابتدائی طور پر پائلٹ سمیت 3 لوگوں کے ہلاک ہونے اور 40 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
یہ جہاز ’وندے بھارت مشن’ کے تحت دبئی سے ملازمین کو لے کر ہندوستان آ رہا تھا۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کے بعد بیشتر ممالک میں فضائی خدمات معطل کر دی گئی ہیں۔ ایسے حالات میں حکومت ہند کی جانب سے ہندوستانی شہریوں کو بیرون ممالک سے طیارے کے ذریعے ہندوستان لایا جا رہا ہے، اسی مہم کا نام ’وندے بھارت مشن‘ دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست کیرالہ کے شہر کوجیکوڈ کے ایئرپورٹ پر دبئی سے 191 مسافروں کو لانے والی ایئر انڈیا کی پرواز لینڈنگ کے دوران رن وے پر پھسلتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ طیارے کے دو ٹکڑے ہوگئے۔
طیارے پر سوار افراد میں 174 مسافر، 10 بچے، 2 پائلٹس اور 5 افراد پر مشمل طیارے کا عملہ سوار تھا۔ حادثے کی نوعیت اور تباہ طیارے کو دیکھ کر بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم ابتدائی طور پر 3 افراد کی ہلاکت اور 40 سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
ایمبولینس اور ریسکیو ادارے اہلکاروں کے نے امدادی کاموں کا آغاز کردیا ہے جب کہ دیگر پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔ حادثے کی وجہ کا تاحال تعین نہیں کیا جا سکا ہے، فیڈرل ایوی ایشن نے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کیلیے فی کس 5 لاکھ روپے امدادی رقم کا اعلان کیا ہے۔