پرانے شہر میں روایتی بونال جلوس کی اجازت دی جائے : ہنمنت راؤ


حکومت عوام کے مذہبی جذبات کو مجروح کررہی ہے
حیدرآباد۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے پرانے شہر میں بونال جلوس کی اجازت سے پولیس کے انکار پر افسوس کا اظہار کیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ لاکھوں بھکتوں کے جذبات کو ملحوظ رکھتے ہوئے حکومت کو چاہیئے کہ پرانے شہر میں اکنا مادنا مندر کے روایتی بونال جلوس کی اجازت دے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت بونال جلوس پر پابندی کے ذریعہ عوام کے مذہبی جذبات سے کھلواڑ کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مندر کمیٹی کے ذمہ داروں نے ہاتھی پر روایتی جلوس کیلئے حکومت کو درخواست دی۔ جگناتھ رتھ یاترا کی جس طرح سپریم کورٹ نے اجازت دی تھی اسی طرح عوام کے بغیر محدود تعداد میں بونال جلوس کی اجازت طلب کی گئی۔ چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ نے ہاتھی کی فراہمی کیلئے این او سی جاری کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمشنر پولیس نے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں پر دباؤ بناتے ہوئے این او سی کو منسوخ کرادیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ حکومت کے منصوبہ کے تحت یہ کارروائی کی گئی تاکہ جلوس کو ناکام بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جلوس کی صورت میں کورونا کے پھیلاؤ کا اندیشہ ظاہر کررہی ہے لیکن چیف منسٹر کے سی آر اور وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ مختلف افتتاحی اور دیگر تقاریب میں شرکت کررہے ہیں ان پر کوئی پابندی نہیں ہے۔Sh

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں