حیدرآباد: بجلی کے زائد بلز پر تلنگانہ کانگریس پارٹی کی جانب سے چلو سکریٹریٹ پروگرام کی اپیل کی گئی جس کے پیش نظر چوکسی اختیار کرتے ہوئے پولیس کی بڑی تعداد کانگریس کے لیڈروں کے مکانات کے قریب تعینات کردی گئی۔
صبح 6 بجے بھونگیر کے کانگریسی رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے مکان پہنچ کر پولیس نے ان کو گھر پر ہی نظربند کر دیا۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی لیڈر ملو بھٹی وکرامارکا، وی ہنمنت راو کے مکانات کے قریب بھی پولیس کی بھاری تعداد تعینات کردی گئی۔ اس موقع پر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ منمانی طریقہ سے ریاست میں حکمرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ لاک ڈاون کے وقت وزیراعلی نے کہا تھا کہ مکانات کے کرائے بھی دینے کی ضرورت نہیں ہے تاہم اب سلیب کے نام پر زائد بجلی کے بلز دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ سے لوگ ملازمتوں سے محرومی کی وجہ سے پریشان ہیں، ایسے لوگوں کو زائد بجلی کے بلز دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر احتجاج کرنے والوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے؟ کیا یہی انصاف ہے؟