ہندوستان اور چین کے درمیان تناؤ برقرار

نئی دہلی، 27 ۔ ہندوستان اور چین کے درمیان لداخ میں سرحد پر تناؤ کی صورت حال برقرار ہے حالانکہ چین کی جانب سے آج آئے بیانوں سے اس کے سنگین صورت اختیار نہیں کرنے کے اشارے ملے ہیں، ادھر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے انداز میں دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی پیشکش کرکے سب کو چونکا دیا ہے۔
اس درمیان فوج کے اعلی کمانڈروں کا تین دن کی کانفرنس بھی آج یہاں شروع ہوئی جس میں اس مسئلہ سے متعلق تمام پہلوؤں پر تفصیل سے بات چیت ہوگی اور مزید حکمت عملی پر بھی بہت زیادہ غوروفکر کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے ذریعہ مختلف میٹنگوں میں چین سے ملحق سرحد پر صورت حال کا جائزہ لئے جانے کے بعد یہ واضح ہوگیا ہے کہ ہندوستان اپنے رخ پر قائم ہے اور وہ دولت بیگ اولڈی کے اپنے علاقے میں سڑک کی تعمیر کا کام جاری رکھے گا۔
چینی فوج کے ذریعہ علاقے میں فوجیوں کو اکٹھا کئے جانے کے بعد ہندوستان نے بھی متعلقہ علاقوں میں فوجیوں کی تعداد میں اضافہ اور دیگر سازوسامان کے ساتھ اقدام کئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مسئلہ کے حل کے لئے بات چیت اور ڈپلومیٹک سطح پر ہی ہوگی لیکن چینی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے ہندوستان کو اپنی تیاری مکمل رکھنی ہوگی اور اس کے لئے سبھی ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں