۔90 فیصد کیسوں کا جی ایچ ایم سی حدود سے تعلق ۔دیہی مقامات پر وائرس کی شدت کم ۔ ایٹالہ راجندر کا ادعا
حیدرآباد 16 اپریل- تلنگانہ بھر میں آج جمعرات کو کورونا وائرس کے 50 نئے کیسوں کا پتہ چلا ہے جس سے ریاست میں جملہ کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 496 تک جا پہونچی ہے جو ایکٹیو کیس ہیں۔ جمعرات کو کورونا کی وجہ سے کسی کے بھی مرنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور ریاست میں اب تک اس وائرس کی وجہ سے فوت ہونے والوں کی تعداد 18 ہی بتائی گئی ہے ۔ ریاستی حکومت کے ایک بلیٹن میں یہ بات بتائی گئی ۔ بلیٹن کے بموجب 68 افراد کو مختلف دواخانوں میں اس وائرس کے علاج کے بعد صحتیابی کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے ۔ اس طرح اب تک ریاست میںمختلف دواخانوں سے ڈسچارج کئے گئے افراد کی تعداد 186 ہوگئی ہے ۔ آج 50 نئے کیس سامنے آنے کے بعد ریاست میں کورونا متاثرین کی جملہ تعداد 700 تک جا پہونچی تھی جن میں 186 کو ڈسچارج کردیا گیا ہے اور 18 اموات ہوئی ہیں۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے ریاست کے 13 اضلاع میں 159 کلسٹرس قرار دئے گئے مقامات پر وائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جو تازہ کیسیس سامنے آئے ہیں ان میں 90 فیصد گریٹر حیدرآباد کے حدود میں سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے دیہی علاقوں میں وائرس کی شدت کم دیکھی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب حیدرآباد کے نمونوں کو جانچ کیلئے روانہ کیا جا رہا ہے پازیٹیو کیسیس کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں جملہ 1000 نمو نوں کی اب تک جانچ کی گئی ہے ۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ ریاست کے جملہ 700 پازیٹیو کیسیس میں 640 کیس ایسے ہیں جو یا تو دہلی کے تبلیغی اجتماع میں شرکت کے بعد واپس ہوئے تھے یا ان سے رابطے میں آئے تھے ۔ ایٹالہ راجندر نے کورونا پازیٹیو افراد سے رابطے میں آنے والے افراد سے خواہش کی کہ وہ خود حکام سے رابطے کریں تاکہ وائرس پر قابو پایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بھی ایسے افراد کی تلاش کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ایک واقعہ ایسا بھی پیش آیا ہے جس میں ایک متاثرہ فرد کی وجہ سے خاندان کے 20 افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ ایٹالہ راجندر نے بتایا کہ حیدرآباد شہر میں دو بلیس کو کووڈ 19 کے معائنے کرنے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں پہلے ہی چھ لیبس میں کو کورونا معائنوں کا سلسلہ چل رہا ہے ۔ تلنگانہ میں جلدی ہی یومیہ 5000 معائنے کرنے کی سہولت دستیاب ہوجائیگی اور امکان ہے کہ شہر میں بھی آئندہ تین ہفتوں میں نئی ٹکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے یہ سہولت فراہم کردی جائے گی