اسلامی جمہوریہ ایران میں کورونا وائرس کے خلاف مہم کے دوران اب تک سات کروڑ سے زائد لوگوں کی اسکریننگ ہو چکی ہے ۔
ایران کے نائب وزیر صحت علی رضا رئیسی نے جمعرات تک ایران میں سات کروڑ سے زائد لوگوں کی اسکریننگ مکمل ہو جانے کی خبر دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران میں ہونے والے اس بڑے پیمانے پر اسکریننگ کا ایک بڑا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ کورونا کا ٹیسٹ کرانے کے لئے لوگوں کا اسپتالوں اور طبی مراکز جانے کا سلسلہ بہت ہی کم ہو گیا ہے-
ایران کے نائب وزیر صحت نے کورونا کے خلاف ملکی سطح پر عام لام بندی اور سماجی فاصلے کے دستورالعمل کی رعایت کے نتیجہ خیز ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے چند روز کے دوران کورونا وائرس سے متاثرین اور اس میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں کمی آئی ہے اور یہ عوام کے تعاون اور گھروں سے باہر نہ نکلنے کے سبب ممکن ہوا ہے۔
ایران میں کورونا میں مبتلا نئے افراد اور ان سے رابطے میں رہنے والوں کا پتہ لگانے، بیماروں کا علاج کرنے اور ان سے رابطے میں رہنے والوں کو قرنطینہ میں رکھنے اور سڑکوں اور پبلک مقامات پر جراثیم کش دواؤں کے چھڑکاؤ کی مہم جنگی پیمانے پر جاری ہے۔