لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر ڈرون کیمروں سے نظر رکھی جائیگی

فوری اعلان کی بھی سہولت ۔رچہ کنڈہ کمشنر مہیش بھگوت نے ڈرونس کی شروعات کی
حیدرآباد – لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف اب ڈرون کیمروں سے نظر رکھی جائیگی ۔ ڈرون کیمرے فوری طور پر تصویر کشی اور ویڈیوز سے نہ صرف کنٹرول روم کو آگاہ کرنے بلکہ ڈرون کے ذریعہ اعلان کرنے کی سہولت کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ ان ڈرون کیمروں کا آج کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش بھگوت نے افتتاح کیا ۔ کمشنریٹ ہیڈ کوارٹر میں انہوں نے آج ایک اور نئی ٹکنالوجی کا بھی آغاز کیا جس کی مدد سے پولیس کی گاڑیوں کی صفائی کی جائے گی اور ان گاڑیوں کو بیکٹریا اور جراثیم سے پاک کیا جائے گا ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ کویڈ۔19 کے لاک ڈاؤن پر عمل آوری میں ان ڈرون کیمروں کو استعمال کیا جائے گا ۔ بالخصوص ایسے علاقہ جہاں کرونا وائرس کے معاملات پائے گئے ان علاقوں میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کیلئے ڈرون کیمروں سے نگرانی کی جائے گی ۔ پہاڑی شریف ، مولا علی اور بالا پور کے حدود میں ان کیمروں کو استعمال میں لایا جائے گا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ میں ڈڑون کا استعمال جاری ہے تاہم رچہ کنڈہ میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا موقع ہے جس میں ڈرون سے نہصرف نگرانی بلکہ پولیس عملہ کیلئے فوری احکامات اور عوام کیلئے اعلانات بھی کئے جاسکتے ہیں ۔ تجرباتی طور پر پہلے ڈرون کو استعمال میں لایا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ گاڑیوں کی صفائی کو بھی اہمیت دی جاتی ہے تاکہ ہر طرح کے انفکشن سے گاڑیوں کو بچایا جاسکے تاکہ پولیس عملہ کیلئے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جاسکے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں