کورونا کے خلاف لڑائی‘ تلنگانہ عوام نے موم بتی جلاکر تاریکی میں روشنی پھیلائی

گورنر نے راج بھون اور چیف منسٹر نے پرگتی بھون میں پروگرامس کی قیادت کی ‘ سارے شہر میں دیئے جلا کرروشنی اور آتش بازی

حیدرآباد ۔ – دنیا بھر میں ہزاروں اموات کا سبب بننے والی خوفناک وباء کورونا وائرس کے خلاف ہندوستان کی متحدہ لڑائی میںریاستی گورنر ٹی سوندراراجن اورچیف منسٹر کے چندرشیکھرراو نے آج تلنگانہ عوام کی قیادت کی ‘گورنر کی سرکاری رہائش گاہ راج بھون اور چیف منسٹر کے چندرشیکھرراو کی سرکاری رہائش گاہ وکیمپ آفس پرگتی بھون میں اتوار کو ٹھیک9 بجے شب لائیٹ بندکر دیئے گئے تھے اور وہ گھٹاٹوپ تاریکی کے درمیان دونوں مقامات میں سبزہ زار پر پہنچنے جہاں موم بتی جلاتے ہوئے روشنی پھیلائی ۔راج بھون میں منعقدہ پروگرام میںگورنر ٹی سوندراراجن نے کہا کہ ’ یہ مشترکہ دعاوں کا نتیجہ ہے روشنی میں ایک توانائی ہے ۔ ہم چراغ جلائے ہیں اور ذہنوں کو روشن کئے ہیں تاکہ ہمت حوصلہ اور اتحاد کے ساتھ اس چیالنج کا سامنا کرسکیں ‘ ہم کورونا وائرس کا سامنا کر رہے ہیں ہمارے وزیراعظم ہمیں بجا طور پر بالکل صحیح راستہ پر رہنمائی کر رہے ہیں ۔ اس وائرس کے خلاف لڑائی میں ہم متحد ہیں ۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے دو دن قبل ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے 5 اپریل اتوار کی شب 9 بجے ملک بھر میں لائیٹ بند کرتے ہوئے دیے اور موم بتیاں جلانے کی اپیل کی تھی ۔ بقول ان کے یہ اس خوفناک وباء کی تاریکی کوروشنی کے ذریعہ بھگایا جاسکے ۔ سارا تلنگانہ رات 9 سے 9 بجکر 9 منٹ تک لائیٹس بند کئے جانے کے سبب تاریکی میں ڈوب چکا تھا اور عوام موم بتیاں‘ دیے جلاکر روشنی پھیلارہے تھے ‘ بعض افراد نے موبائیل فون ٹارچ کے ذریعہ روشنی پھیلائی ۔ پرگتی بھون میں منعقدہ پروگرام میں وزیر صحت ایٹالہ راجندر ‘ چیف سکریٹری سونیش کمار ‘ ڈائرکٹر جنرل پولیس این مہندر ریڈی ‘ راجیہ سبھا کے رکن جے سنتوش کمار اور دوسرے موجود تھے ۔ شہر کے مختلف مقامات پر بھی عمارتوں میں لائیٹ بند کرنے کے بعد دیے جلائے گئے ۔ بعض اپارٹمنٹ میں لوگ چھتو ں پر جمع ہوگئے اور ’کورونا واپس جاو‘ کے پیغام کے ساتھ روشنی پھیلائی ۔ شہر کے بعض مقامات پر نوجوانوں نے آتش بازکی ۔ دونوں شہروں میں موم بتیاں اور دیے جلانے کے موقع پر فائر سرویسیس کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمنٹے کے لئے چوکس رکھا گیا تھا ۔ ٹرانسکو اور جنکو کے چیرمین و منیجنگ ڈائرکٹر پربھاکر راو نے کہاکہ تلنگانہ توانائی اداروں نے اس صورتحال کا کامیابی کے ساتھ بہترین انتظام کیا تھا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے برقی سربراہ کرنے والے اداروں کے عہدیداروں کی ستائش کی ۔

چیف منسٹر کے شریک حیات اور ارکان خاندان نے بھی دیا جلایا ۔
OO چیف منسٹر کے سی آر کی شریک حیات شریمتی کے شوبھا فرزند کے ٹی آر ان کی شریک حیات شریمتی شیئلیما ان کے بیٹے ھیمان شو ‘ اور بیٹی الکیھیا نے بھی موم بتی جلا کر کورونا وائرس کے خلاف ملک گیر لڑائی میں اتحاد و یگانگت کا اظہار کیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں