جے بی ایس ۔ ایم جی بی ایس میٹرو لائن کا افتتاح


چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جمعہ کے روز جوبلی بس اسٹیشن ( جے بی ایس ) اور مہاتما گاندھی بس اسٹیشن املی بن ( ایم جی بی ایس ) کے درمیان 11کیلو میٹر طویل راہداری پر میٹرو ریل حیدرآباد کی خدمات کا آغاز کیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے پریڈ گراونڈ میٹرو اسٹیشن پر ٹرین کو جھنڈی دکھائی۔ جے بی ایس۔ ایم جی بی ایس کے درمیان میٹرو ٹرین خدمات کا آغاز کرتے ہوئے حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹڈ نے دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد کو آپس میں جوڑنے میں اہم رول ادا کیا ۔ اس لائن پر سفر کرنے سے وقت کی کافی بچت ہوگی ۔ بس کے ذریعہ سفر کیلئے45منٹ کا وقت لگے گا جبکہ میٹرو ریل سے سفر سے صرف16منٹ درکار ہوں گے ۔ جو بلی بس اسٹیشن اور مہاتما گاندھی بس اسٹیشن اس راہداری کی اہم خصوصیات میں شامل ہیں۔ ایم جی بی ایس انٹر چینج میٹرو اسٹیشن کو ملک کا سب سے بڑا میٹرو اسٹیشن کہا جاتا ہے کہ جبکہ جے بی ایس پریڈ گراونڈ کا میٹرو اسٹیشن، ملک کا بلند میٹرو اسٹیشن ہے ۔ اس راہداری پر9 میٹرو اسٹیشن جے بی ایس ، پریڈ گراونڈ، سکندرآباد ویسٹ، نیو گاندھی ہاسپٹل ، مشیر آباد، آر ٹی سی ایکس روڈ، چکڑ پلی، نارائن گوڑہ، سلطان بازار اور ایم جی بی ایس شامل ہیں۔ ایم جی بی ایس اسٹیشن میں جو انٹر چینج اسٹیشن ہے ، ٹرین 20سکنڈس کے برخلاف 2منٹ توقف کرے گی تاکہ دیگر اسٹیشنوں سے آنے والے مسافرین کو سہولت ہوسکے ۔ اس روٹ پر روزانہ 60ہزار افراد سفرکرپائیں گے ۔ حفاظتی انتظامات کے پیش نظر150 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے بموجب چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جمعہ کے دن جوبلی بس اسٹیشن اور مہاتما گاندھی بس اسٹیشن کے درمیان 11کیلو میٹر طویل حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹڈ کی راہداری کا افتتاح کیا ۔ اس راہداری کے افتتاح کے بعد جملہ69.2 کیلو میٹر میٹرو ریل نیٹ ورک پر خدمات شروع ہوں گی ۔ نومبر2017 میں وزیر اعظم نریندر مودی نے میاں پور اور ناگول کے درمیان میٹرو پراجکٹ کا افتتاح کیا تھا جبکہ مارچ 2019 میں امیر پیٹ تا ہائی ٹیک سٹی راہداری پر میٹرو ریل خدمات کا افتتاح انجام پایا۔ جے بی ایس ، شہر کا دوسرا بڑا بس اسٹیشن ہے جبکہ پریڈ گراونڈ اسٹیشن، پانچ لیولس کے ساتھ پراجکٹ کا سب سے اونچا اسٹیشن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں