کمسن لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کی کوشش سابق سرپنچ کے خلاف کیس درج

 J

ضلع کھمم میں پولیس نے ایک63 سالہ سابق سرپنچ کے خلاف کیس درج کرلیا ہے جن پر ایک کمسن لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کی کوشش کا الزام ہے ۔ پولیس نے جمعرات کو یہ بات بتائی۔ اس حرکت پر مقامی افراد نے سابق سرپنچ کو زدو کوب کیا جس کے بعد سابق سرپنچ کو ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا ۔ ضلع کے مدی گنڈا منڈل میں ملزم، 13 سالہ کمسن لڑکی کا پڑوسی بتایا گیا ہے اور وہ مکان میں تنہا تھا ۔ چہارشنبہ کی شب ملزم نے لڑکی سے کہا کہ وہ ، مقامی دکان سے چند اسناکس لے آئے، اسناکس لے کر جب لڑکی ، اُس کے مکان پہنچی تب اُس نے مبینہ طور پر لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کی کوشش کی ۔ ملزم نے لڑکی کو اس وقت طلب کیا جبکہ اس کے والدین، ایک تقریب میں شرکت کیلئے گئے ہوئے تھے جب والدین گھر پہنچے تو انہوں نے بیٹی کو نہیں پایا۔ دریں اثنا لڑکی کے والدین کو ملزم کے مکان سے چیخ وپکار کی آوازیں سنائی دیں۔ مقامی افراد نے لڑکی کو بچالیا اور پھر سابق سرپنچ کو زدوکوب کیا ۔ پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ ملزم کو زخمی حالت میں ہاسپٹل منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف 376( ریپ) اور پوسکو کی مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں