پاکستان پردباوَ اوردھمکی سے متعلق خبر یں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں،سعودی سفارتخانہ کی میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید

اسلام آباد۔سعودی سفارتخانے نے پاکستان پرسعودی عرب کے دباوَ سے متعلق خبروں کی تردیدکردی،سعودی سفارتخانے نے کہا ہے کہ پاکستان پردباوَ اوردھمکی سے متعلق خبر یں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق کوالالمپورسمٹ میں پاکستان کی عدم شرکت پرسعودی سفارتخانے نے اعلامیہ جاری کردیا،اعلامیہ میں کہا ہے کہ پاکستان کوسمٹ میں شرکت نہ کرنے پرمجبورکرنے کی خبربے بنیادہے،پاکستان کودھمکی دینے کی خبربھی مستردکرتے ہیں،سعودی سفارتخانہ نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات میں دھمکیوں کی زبان استعمال نہیں ہوتی،پاکستان اورسعودی عرب کے گہرے تذویراتی تعلقات ہیں،سعودی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاملات میں اتفاق رائے پایاجاتاہے،سعودی عرب ہرمشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا اور رہے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہاتھا کہ سعودی عرب نے عمران خان کو پاکستانی مزدور واپس بھیج کر ان کی جگہ بنگالیوں کو بھرتی کرنے اور قرضے واپس لینے کی دھمکی دی تھی جس کے باعث وہ کوالا لمپور سمٹ میں شرکت نہیں کرپائے۔ترک اخبار ’ڈیلی صباح ‘ کو گزشتہ روز دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران ترک صدر نے کہا کہ انہیں خوشی ہوتی اگر پاکستان اور انڈونیشیا بھی کوالا لمپور سمٹ میں شرکت کرتے۔ انہوں نے کہا کہ جب سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی بات آتی ہے تو یہ پہلی بار نہیں ہوا کہ انہوں نے دوسرے ملکوں پر کسی کام کے کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے دباؤ ڈالا ہے۔
ترک صدر نے کہا یہ بدقسمتی ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان پر دباؤ ڈالا، یہ وعدے بیچ میں لائے گئے کہ ہم نے پاکستان کے سنٹرل بینک میں پیسہ رکھوایا، اس سے بھی بڑھ کر پاکستان کے 40 لاکھ لوگ سعودی عرب میں کام کر رہے ہیں، اور سعودی عرب نے دھمکی دی کہ وہ ان تمام لوگوں کو اپنے ملک سے نکال کر واپس پاکستان بھیج دے گا اور ان کی جگہ بنگالیوں کو بھرتی کرلے گا۔ترک صدر نے کہا کہ سعودی عرب نے یہی معاملہ پاکستان کے سنٹرل بینک کے حوالے سے بھی کیا اور دھمکی دی کہ وہ اپنے پیسے واپس نکال لیں گے۔ اس وقت پاکستان شدید مالی مشکلات کا شکار ہے اس لیے اس کی مجبوری ہے کہ وہ اس طرح کی دھمکیوں میں آجائے ، یہی معاملہ انڈونیشیا کے ساتھ بھی ہوا ہے۔ادھر پاکستان کے دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بڑے مسلم ممالک کے تحفظات کے باعث کوالالمپور سمٹ میں حصہ نہیں لیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں