شہریت ترمیمی بل کے خلاف گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی کا احتجاج

 

شہریت ترمیمی بل کے خلاف گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی کی جانب سے آج گاندھی بھون کے روبرو زبردست احتجاج منظم کیاگیا اور وزیراعظم نریندرمودی اور وزیرداخلہ امیت شاہ کے پتلہ اور ان کی تصاویر کو نذرآتش کیاگیا۔ صدرگریٹرحیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو کی قیادت میں سینکڑوں کارکن جو ہاتھوں میں پلے کارڈ تھامے ہوئے تھے، نریندرمودی ڈاؤن ‘ڈاؤن اور ہندومسلم بھائی بھائی‘ سی اے بی ہائے ہائے کے نعرے بلندکررہے تھے۔ پولیس احتجاجی کارکنوں کو روکنے کی کوشش کی تاہم کارکنوں نے اپنے احتجاج میں شدت پیدا کردی۔ پولیس نے انجن کمار یادو، فیروزخان، محسن قریشی اور دیگر کارکنوں کو گرفتار کرکے بیگم بازار پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انجن کمار یادو نے شہریت ترمیمی بل کو غیردستوری اورغیرجمہوری قراردیا اور کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی اور مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ اس بل کے ذریعہ ملک میں مذہبی منافرت پھیلانے اور ملک کو تقسیم کرناچاہتے ہیں۔کانگریس پارٹی اس بل کی شدید مخالفت کرتے ہوئے آج ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کررہی ہے۔ انہوں نے تمام اپوزیشن جماعتوں سے مطالبہ کیاکہ وہ راجیہ سبھا میں شہریت ترمیمی بل کی مخالفت کریں اور کسی بھی حال میں اس بل کو منظور ہونے نہ دیں۔ احتجاج میں سکریٹری سید یوسف ہاشمی، شکیل خاں، وحیدالدین ‘محمد واجدحسین سابق کارپوریٹر، موسی قاسم‘ دلاورحسین، نریندریادو، انیل کماریادو صدر یوتھ کانگریس اور دیگر شریک تھے۔ پولیس نے بعدازاں انجن کماریادو کو رہا کردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں