علی گڑھ7 اگست (پی ایم آئی) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جدید ہندوستانی زبانوں کے شعبہ کے کشمیری سیکشن کی جانب سے انڈین کونسل آف سوشل سائنس ریسرچ (آئی سی ایس ایس آر)، نئی دہلی کے اشتراک سے کشمیری زبان و ادب کے موضوع پردو روزہ قومی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ کسی بھی زبان کی تاریخ سب سے اہم ہوتی ہے اور کشمیری زبان کی بھی قابل فخر تاریخ ہے۔ انھوں نے کہا کہ کشمیری زبان ایک خوبصورت زبان ہے جس پر فارسی، اردو اور ترکی کے علاوہ وسطی ایشیا کی زبانوں کا بھی اثر نظر آتا ہے۔ وائس چانسلر نے کہاکہ سبھی کو اپنی مادری زبان کے تحفظ کے لئے کام کرنا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ اے ایم یو کا جدید ہندوستانی زبانوں کا شعبہ طلبہ کو ملک کی اہم زبانوں کی تعلیم کا موقع فراہم کررہا ہے جو قومی اتحاد کے لئے بھی ضروری ہے۔ پروفیسر منصور نے سیمینار کے انعقاد کے لئے آئی سی ایس ایس آر اور سیمینار کے ڈائرکٹر پروفیسر مشتاق احمد زرگر کو مبارکباد پیش کی۔
وزارت فروغ انسانی وسائل،حکومت ہند کے سابق ڈائرکٹر پروفیسر روپ کرشن بھٹ نے کہاکہ کشمیر صرف اپنے قدرتی حسن کے لئے ہی نہیں بلکہ اپنی دانشوری کے لئے بھی دنیا میں شہرت کا حامل رہا ہے۔ تہذیبی تنوع کشمیر کی شناخت رہی ہے، جہاں پر تقریباً پندرہ زبانیں بولی جاتی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ گزشتہ تیس برسوں میں کشمیر میں جو شعر و ادب تخلیق ہوا ہے اور جو کتابیں لکھی گئی ہیں ان میں دکھ و بحران سمیت مختلف جذبات و احساسات کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔
سیمینار کے ڈائرکٹر پروفیسر مشتاق احمد زرگر نے کہاکہ ادب سماج کا آئینہ ہوتا ہے اور سماج میں جو بھی واقع ہوتا ہے وہ ادب میں بھی واضح طور سے دکھائی دیتا ہے۔ انھوں نے سیمینار کے مقاصد پر بھی روشنی ڈالی۔
سیمینار کوآرڈنیٹر ڈاکٹر طاہر ایچ پٹھان نے کہاکہ کشمیری زبان کی تاریخ تقریباً پانچ ہزار سال پرانی ہے اور کشمیر میں جو اتار چڑھاؤ آئے ہیں اس کا اس زبان کے ادب پر بھی اثر پڑا ہے۔ افتتاحی تقریب میں پروفیسر ثناء اللہ پرواز نے کلیدی خطبہ پیش کیا۔ آرٹس فیکلٹی کی ڈین پروفیسر سیدہ نزہت زیبا نے موجودہ وقت میں کشمیر کی صورت حال پر لکھی گئی کتابوں کا ذکر کیا۔ صدر شعبہ پروفیسر کرانتی پال نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کی نظامت کوآرڈنیٹر ڈاکٹر امینہ خاتون نے کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے شعبہ کے سیمینار ہال کا افتتاح کیا۔ سیمینار میں ڈاکٹر طاہر ایچ پٹھان کی کتاب کا بھی اجراء عمل میں آیا۔
