دفعہ 370کی منسوخی دستور ہند کے منافی اور جمہوریت کا قتل :ویلفیئر پارٹی آف انڈیا

نئی دہلی، 6اگست(پی ایم آئی)۔ویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے بی جے پی حکومت کے ذریعہ دستور کی دفعہ 370کو منسوخ کئے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اسے جمہوریت کا قتل قرار دیا۔پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے ایک پریس بیان میں کہا کہ دفعہ 370 کشمیر اور ہندوستان کے تعلق اور الحاق کی ایک بنیادی شرط تھی اسے یکطرفہ طور پر، کشمیری عوام کو اعتماد میں لئے بغیر اوران سے مشورہ کے بغیر اسے منسوخ کردینا نہ صرف اعتماد شکنی ہے بلکہ جمہوری، دستوری اورمعاہداتی اخلاقیات کے بھی خلاف ہے۔وزیر داخلہ امت شاہ کے ذریعہ دفعہ370 کی منسوخی ، جموں کشمیر ری آرگنایزیشن بل اور کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کر کے اسے علاقہ تحت مرکز بنا دینا نہ صرف دستور ہند کے خلاف ہے بلکہ پارلیمانی اور جمہوری تقاضوں کے بھی منافی ہے۔ڈاکٹر الیاس نے مرکزی حکومت کے تانا شاہی رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر کشمیر میں بڑی تعداد میں فوج کی تعیناتی ، کشمیری کے سیاسی و سماجی رہنمائوں کی گرفتاری، دفعہ 144کا نفاذ،پوری ریاست کو یرغمال، جمہوری فضا کومعطل ور عوام کو خوف و حراس میں مبتلا کر دینا حد درجہ قابل مذمت ہے۔ویلفیئر پارٹی نے ان سیکولر پارٹیوں کے رویے پر بھی شدید تنقید کی جنہوں نے اس معاملے میں حکومت کی حمایت کر کے اس بل کی منظوری کا موقع فراہم کیا۔ ڈاکٹر الیاس نے مزید کہا کہ ان حالات میں ویلفیئر پارٹی پوری طرح کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کو وہ اپنے رویہ پر نظر ثانی کرے، کشمیر کی خود مختاری کو بحال کر ے اور دفعہ 370کی منسوخی کو فی الفور ختم کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں