ئی دہلی،06اگست– وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت اور جموں و کشمیر کے اودھم پور سے رکن پارلیمنٹ جتیندر سنگھ نے منگل کو لوک سبھا میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو جموں و کشمیر سے متعلق دفعہ 370 ہٹانے کے لیے وہ مبارکباد دیتے ہیں اور اگلا قدم مقبوضہ کشمیر کو ہندوستان کا حصہ بنانا ہے۔
مسٹر سنگھ نے جموں و کشمیر نوتشکیل بل2019 پر بحث کے دوران ایوان میں سابق وزیراعظم نرسمہاراؤ کی بات کو دہراتے ہوئے کہا کہ کشمیر نام کا کوئی مسئلہ ہے ہی نہیں۔ اگر کوئی مسئلہ ہے تو وہ یہ ہے کہ جموں و کشمیر کے پاکستان کے قبضے والے حصے کو کیسے واپس لایا جائے۔ انہوں نے کہا،’ اب اگلا کام یہی بچا ہے ہمارا کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کو کس طرح واپس لایا جائے‘۔
مسٹر سنگھ نے کشمیر کے ایک حصے کو الگ کرنے اور دفعہ 370 کے لیے کانگریس کی سابقہ حکومتوں اور ملک کے پہلے وزیراعظم جواہرلعل نہرو کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ دفعہ 370 سے جموں وکشمیر میں ترقی رُکی پڑی تھی، اس کی وجہ سے وہاں لوگ الگ تھلگ پڑ گئے تھے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاست کی سیاسی پارٹیوں نے ذاتی مفاد کے لیے دفعہ 370 کا غلط استعمال کیا اور جموں وکشمیر کے عوام کو دھوکہ دیا‘۔
انہوں نے کہا کہ خود مسٹر نہرو نے کہا تھا کہ یہ غیرمستقل التزام ہے۔ جب ایک بار کسی نے ان سے پوچھا تھا کہ اسے کب ہٹایا جائے گا تو انہوں نے کہا تھا کہ ’گھستے گھستے اپنے آپ گھس جائے گا‘۔
Read more at http://www.uniurdu.com/kashmir-discussion-jitendra-lok-sabha/national/news/1690123.html#9e7r45iSxG7kBsKE.99