وائی ایس جگن موہن ریڈی نے آندھرا پردیش کے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا

حیدآباد ۳۰ مئی ۔وائی ایس جگن موہن ریڈی نےآج یہاں آندھرا پردیش کے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا ۔ جگن کے حلف لینے سے ان کے ہزارہا حامیوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ۔ ریاستی گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے وجئے واڑہ کے اندرا گاندھی میونسپل اسٹیڈیم میں منعقدہ پر اثر تقریب میں جگن کو عہدہ وراز داری کا حلف دلایا ۔ تقریب حلف برداری میں چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راو اور ڈی ایم کے قائد ایم کے اسٹالن نے شرکت کی ۔ جگن موہن ریڈی کی زیر قیادت وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات میں175 کے منجملہ151 نشستوں پر شاندار کامیابی حاصل کی ۔انہوںنے 12:23 بجے دن تلگو میں حلف لیا ۔ حلف برداری کا یہ وقت ان کے صلاح کاروں نے منتخب کیا تھا ۔ 46 سالہ جگن، نئے آندھرا پردیش کے دوسرے چیف منسٹر بن گئے اس سے قبل چندرا بابو نائیڈو نے 5 سال تک منقسمہ ریاست پر حکومت کی تھی۔ نائیڈو کی تلگودیشم پارٹی کو الیکشن میں شرمناک شکست اٹھانی پڑی تھی ۔ مقبول عام نوجوان قائد جگن ، کھلی جیپ میں سوا ہوکر مقام تقریب پہونچے اور انہوں نے مسکراتے ہوئے دونوں ہاتھ جوڑ کر وہاں موجود ہجوم کے خیر مقدم کا جواب دیا ۔ جب جگن نے حلف لینا شروع کیا تب ان کے ہزاروں حامی اور پارٹی کارکن جو ریاست کے مختلف علاقوں سے یہاں آئے ہوئے تھے ، فرط مسرت سے جھوم اٹھے۔ جب وائی ایس کہا گیا تب وہ کچھ دیر کیلئے خاموش ہوگئے غالباً وہ اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے ان کے والد وائی ایس آر‘ کے نام سے عوام میں مقبول تھے ۔ تقریب حلف برداری سے گورنر کے چلے جانے کے بعد جگن نے حاضرین سے خطاب کیا جبکہ شہ نشین پر چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ، ڈی ایم کے قائد اسٹالن اور جگن کی والدہ وجئے لکشمی موجود تھیں۔ عیسائی ، مسلم اور ہندو ومذہبی قائدین نے جگن کو آشیرواد دیا اور ان کی کامیابی اور ریاست کی خوشحالی کیلئے دعائیں کیں ۔ وجئے لکشمی اس وقت جذباتی ہوکر رونے لگیں جب جگن حلف لینے کے بعد پہلی بار بحیثیت چیف منسٹر خطاب کررہے تھے ۔ وہ بھی اپنی ماں سے لپٹ گئے اور اپنے آنسو کو روک نہیں سکے ۔ کانگریس قائد و سابق چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی جو رائلسیما کے ضلع کڑپہ کے متوطن تھے، کے فرزند جگن دوبار ، پلی ویندلہ اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئے ہیں۔ انہیں حلقہ لوک سبھا کڑپہ سے بھی دوبار منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔ ہیلی کاپٹر حادثہ میں والد وائی ایس آر کی موت کے ڈیڑھ سال بعد2011 میں جگن نے کانگریس چھوڑدی اور اپنی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی داغ بیل ڈالی۔ جگن نے اپنے والد کی طرح ، عوام کے سامنے حلف لینے کے بعد پہلی فائیل پر دستخط کی راج شیکھر ریڈی نے بھی2004 میں متحدہ ریاست اے پی میں پہلی بار چیف منسٹر بننے کے بعد کسانوں کے قرض معافی اور انہیں مفت برقی سربراہی سے متعلق فائیل پر پہلی دستخط ثبت کی تھی ۔ جگن نے بھی آج سماجی سیکوریٹی پنشن( وظائف) میں اضافہ کی فائیل پر پہلی دستخط کی ۔ عوام سے مختصر خطاب میں اسٹالن نے جگن کے ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ اپنے والد کے سیاسی نقش قدم پر چلیں گے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اپنی تقریر میں جگن کو اے پی کا چیف منسٹر بننے پر مبارکباد دی ۔ اور کہا کہ تلگو کی دونوں ریاستیں ، باہمی رضا مندی کے ساتھ مل جل کر کام کریں گے ۔ کے سی آر نے دونوں ریاستوں کے درمیان بہتر تعلقات پر زور دیا اور کہا کہ تمام مسائل کی یکسوئی کے بشمول دریائے گوداوری اور کرشنا کے پانی سے استفادہ کے مسئلہ کو حل کیا جائے گا۔ تقریب حلف برداری میں جگن کی اہلیہ بھارتی، دختران وائی ایس ہرشنی ریڈی اور وائی ایس ہرشا ریڈی، بہن شرمیلہ، بہنوئی انیل کمار اور خاندان کے دیگر افراد شریک تھے ۔ تلنگانہ کے وزرا محمود علی ، ٹی سرینواس یادو، اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی، ٹی آر ایس ایم پی ڈاکٹر کیشو راؤ اور دیگر اس موقع پر موجود تھے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں