جدہ۔ّ۔ا عرب میڈیا نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کو اپنی شہ سرخیوں کی زینب بنایا۔ سعودی عرب کے انگریزی اخبار سعودی گیزیٹ نے لکھا پاکستان میں محمد بن سلمان کا شاندار طریقے سے استقبال کیا گیا اور پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی جے ایف-17، ایف-16 لڑاکا طیاروں نے سعودی شہزادے کے جہاز کو اپنے حفاظتی حصار میں لے لیا۔
اسی ادارے نے اپنی ویب سائٹ کی سٹوری میں لکھا کہ سعودی ولی عہد اور پاکستان کے وزیر اعظم نے 20 ارب ڈالر مالیت کے معاہدوں پر دستخط کر دیئے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق سعودی ولی عہد نے کہا مستقبل میں پاکستان بہت اہم ہوگا۔ انہوں نے لکھا کہ محمد بن سلمان کے دورے نے پاکستان کے اقتصادی مستقبل کے بارے میں امید ظاہر کی ہے۔
عرب نیوز نے محمد بن سلمان کی جانب سے عمران خان کو کہے گئے ان الفاظ کو بھی سرخی کی زینت بنایا کہ سعودی عرب میں آپ مجھے پاکستان کا سفیر تصور کریں۔ ادارے نے لکھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی شہزادے سے ملاقات میں کہا کہ اسلام آباد اور ریاض اپنے تعلقات کو بڑھا کر اس سطح پر لے آئے ہیں جہاں پہلے کبھی نہیں تھے۔
عرب نیوز نے ایک اور خبر کی سرخی کچھ اس طرح سے لگائی کہ سعودی ولی عہد نے پاکستان کیساتھ تعلقات کو نئی سطح پر پہنچا دیا۔ ویب سائٹ الاقتصادیہ نے لکھا ریاض اور اسلام آباد نے 20 ارب ڈالر مالیت کے معاہدوں کے ساتھ سٹریٹجک تعلقات کو تقویت دی۔ سعودی عرب کی قومی زبان کے اخبار الوطن نے نہ صرف شہ سرخی لگائی بلکہ سعودی ولی عہد کی عمران خان کے ساتھ ملاقات اور وزیر اعظم ہاؤس پہنچنے پر پودا لگانے کی تصاویر کو بھی جگہ دی۔
گلف نیوز کے مطابق 200 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری صرف معاشی تعاون کی شروعات کو ظاہر کرتی ہے اور یہ تاریخی مسلم اتحادیوں کو مزید قریب لے آئی گی۔ الجزیر ہ ڈاٹ کام نے لکھا سعودی عرب و پاکستان شراکت داری متحد نقطہ نظر۔ العربیہ انگلش اور اردو نے بھی اس خبر کو سعودی ولی عہد کے بیان سے لیا، جس میں انہوں نے کہا پاکستان میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا۔