تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ سے ملاقات

نئی دپلی ۲۷ دسمبر(پی ایم آئی) تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے آج دہلی میں چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ سے ملاقات کی ۔ انہوںنے آئندہ پارلیمانی انتخابات میں تلنگانہ میں کسی بھی آزاد امیدوار کو ٹرک اور آئیرن باکس ( استری) کا انتخابی نشان الاٹ نہ کرنے کی درخواست کی ہے ۔ انہوںنے ان انتخابی نشانوں کو منسوخ کرنے کا مطالبہ بھی کیا ۔ کے چندر شیکھر راؤ نے چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ کو بتایا کہ تلنگانہ اسمبلی کے حالیہ انتخابات میں مختلف حلقو ں میں کئی آزاد امیدواروں کو ٹرک کا انتخابی نشان مختص کیا گیا تھا۔ جس کے سبب عوام کار اور ٹرک میں فرق کو محسوس نہیں کرپائے اور کئی رائے دہندوں نے کار کو ٹرک سمجھ کر ٹرک کے نشان کو ووٹ دیا جس کے باعث تلنگانہ کے7 اسمبلی حلقوں میں ٹی آر ایس امیدواروں کو معمولی فرق سے شکست ہوئی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ کے چندر شیکھر راؤ نے ادارہ جات مقامی کے انتخابات میں پسماندہ طبقات کو تحفظات کے مسئلہ پر بھی چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ سے تبادلہ خیال کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات سے قبل تلنگانہ کے لاکھوں رائے دہندوں کے نام ووٹرلسٹ سے حذف کئے گئے تھے جس کے باعث ان رائے دہندوں کو حق رائے دہی سے محروم ہونا پڑا۔ انہوںنے چیف الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ آئندہ سال منعقد شدنی پارلیمانی انتخابات سے قبل تمام رائے دہندوں کے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کرنے کے اقدامات کریں ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ہمراہ پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ ونود کمار اور بنڈارو پرکاش بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں