نوازشریف کے مقدر میں‌ جیل یا محل، احتساب عدالت کل فیصلہ سنائے گی

اسلام آباد: (ایجنسی) العزیزیہ اورفلیگ شپ ریفرنسز کا فیصلہ کل سنایا جائے گا، نوازشریف جیل جائیں‌ گے یا رائیونڈ کے محل، سب کی نظریں‌ احتساب عدالت کی جانب لگ گئیں. ن لیگ نے بھی حکمت عملی تیار کر لی ہے اور ، ضلعی انتظامیہ نے بھی حالات کنٹرول کرنے کیلئے کمر کس لی۔ نوازشریف احتساب عدالت میں ہی فیصلہ سنیں گے، ارکان پارلیمنٹ اور کارکنوں کو احتساب عدالت پہنچنے کی ہدایت دے دی گئی۔ احتساب عدالت نے 18 دسمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

ملکی سیاست میں پھر بھونچال کی کیفیت ہے، نوازشریف جیل جاتے ہیں یا رائیونڈ کے محل، ان کے خلاف العزیزیہ اورفلیگ شپ ریفرنسز کا فیصلہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کل سنائیں گے۔ مسلم لیگ ن نے کل پاور شو کی منصوبہ بندی کی ہے۔ پارٹی کی تیار کر دہ حکمت عملی کے تحت نوازشریف احتساب عدالت میں ہی فیصلہ سنیں گے اور ن لیگ کے سینئر رہنما بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

پارٹی قیادت نے ن لیگ کے رہنماؤں کو آج اسلام آباد پہنچنے کا حکم دے دیا ہے، مقامی قیادت اور بلدیاتی نمائندوں کو کارکن ساتھ لانے کی ہدایت ہے جس کے لئے طارق فضل چودھری، انجم عقیل کو ذمہ داری سونپ دی گئی۔ چودھری تنویر، ملک ابرار اور دیگررہنما راولپنڈی سے کارکنوں کولائیں گے۔ دوسری جانب انتظامیہ نے بھی حالات قابو میں رکھنے کیلئے تمام تر وسائل استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اورفلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت کی اور 18 دسمبر کو دونوں ریفرنسز پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔

v

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں