سعودی عرب پر دباؤ ڈالنے کے لئے یورپی یونین سے قطر کا مطالبہ

قطر کی انسانی حقوق کی قومی کمیٹی کے سربراہ نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قطر کے خلاف پابندیاں اٹھانے کے لئے سعودی عرب پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالے۔

علی بن صمیخ المری نے آسٹریا کے اخبار اسٹینڈرڈ سے گفتگو کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ قطر کے بحران کے آغاز اور اس ملک کے خلاف پابندیوں کے نفاذ کے بعد سے سعودی عرب میں قطر کے چار شہری لاپتہ ہو چکے ہیں۔

انھوں نے اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی مداخلت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کی حالیہ ملاقات کے بعد قطر کے ایک شہری کو رہا کیا گیا ہے مگر تین دیگر شہری بدستور لاپتہ ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر نے پانچ جون دو ہزارسترہ سے قطر پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام عائد کر کے اس ملک کے ساتھ تعلقات منقطع کر لئے ہیں اور اس ملک کا محاصرہ کر رکھا ہے۔

ان ممالک نے قطر کے ساتھ تعلقات کے لئے تیرہ شرطیں بھی عائد کی ہیں جو قطر کے قومی اقتدار اعلی کے منافی ہیں اور دوحہ نے ان شرطوں کو مسترد کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ ان ممالک کے پاس اپنے دعوے کے ثبوت میں کوئی دستاویز موجود نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں