حیدرآباد۔/11ڈسمبر، – شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ونستھلی پورم پولیس کے مطابق 20 سالہ محمد قادر جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا رین بازار علاقہ کا ساکن بتایا گیا یہ نوجوان اس کے بھائی قدیر کے ہمراہ موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ ساگر رنگ روڈ پر حادثہ پیش آیا ۔ پولیس ونستھلی پورم کے مطابق موٹر سیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں قادر زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ بالا نگر پولیس کے مطابق56 سالہ سید معین جو پیشہ سے میکانک تھا نیو بوئن پلی علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے۔ آج صبح یہ شخص سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا تھا جو علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ سکندرآباد پولیس کے مطابق 24 سالہ درگا جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا کیشم پیٹ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے کل رات موٹر سیکل بے قابو ہوکر یہ شخص فوت ہوگیا۔ نامپلی پولیس کے مطابق 20 سالہ گوند جو پیشہ سے پینٹر تھا آغا پورہ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے۔ کل رات یہ شخص نامپلی روڈ پر ایک واٹر ٹینکر کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا تھا جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔

حیدرآباد 11 ڈسمبر – صدر ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راو نے آج شام اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد گورنر نرسمہن سے ملاقات کی اور نتائج کی تفصیل سے واقف کروایا ۔ انہوں نے کل ٹی آر ایس مقننہ پارٹی اجلاس کے انعقاد سے بھی گورنر کو واقف کروایا ۔ ذرائع نے بتایا کہ کل 12 ڈسمبر چونکہ اچھا مہورت ہے اس لئے کل توقع ہے کہ کے سی آر تنہا ہی راج بھون میں چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف بھی لیں گے جبکہ وزرا کی حلف برداری کیلئے لعل بہادر اسٹیڈیم میں تقریب منعقد کی جاسکتی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں