پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن سے قبل کل جماعتی اجلاس عوامی مفاد کے تحت حکومت اوراپوزیشن کے درمیان تعاون کیلئے وزیراعظم کی خواہش

نئی دہلی ۔ 10 ڈسمبر۔وزیراعظم نریندر مودی نے سرمائی سیشن کے آغاز سے ایک دن قبل آج یہاں طلب کردہ کل جماعتی اجلاس سے کہاکہ پارلیمنٹ کی خوشگوار اور پرسکون انداز میں کارروائی چلانے کیلئے حکومت اور اپوزیشن کاایک د وسرے سے تعاون کرنا چاہئے جو عوامی مفاد میں ہوگا ۔ وزیر پارلیمانی اُمور نریندر سنگھ تومر نے وزیراعظم کے حوالے سے کہا کہ اپوزیشن کو یقین دلایا گیا ہے کہ حکومت تمام مسائل پر بحث کیلئے تیار ہے ۔ باور کیاجاتا ہے کہ حکومت نے اہم مسائل پر بحث اور قانون سازی کے اُمور کے لئے دونوں ایوانوں میں زائد کام کرنے کی تجویز بھی پیش کی ہے ۔ تومر نے مزید کہاکہ وزیراعظم اس نظریہ کے حامل تھے کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی کو ایوان کی پرسکون انداز میں کارروائی کیلئے ایک دوسرے سے تعاون کرنا چاہئے کیونکہ یہ عوامی مفاد میں ہوگا ۔ وزیراعظم نے مختلف جماعتوں کے قائدین سے یہ بھی کہا کہ حکومت تمام مسائل پر بحث کیلئے تیار ہے ۔ حکومت اس سیشن میں ضمنی مطالبات زر پیش کرنا چاہتی ہے جس کے ذریعہ مزید مصارف کے لئے پارلیمنٹ سے منظوری حاصل کی جائے گی ۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد کے مطابق اجلاس کے دوران اپوزیشن نے واضح کردیاکہ رافیل لڑاکا طیاروں کی معاملت پر وہ ( اپوزیشن) ایک مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے قیام کیلئے اصرار کریں گے ۔ علاوہ ازیں تحقیقاتی ایجنسیوں کے بیجا استعمال ، آر بی آئی کی خوداختیاری جیسے کئی اہم مسائل بھی اُٹھائے جائیں گے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں