علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے یونین ہال سے جناح کی تصویرٰ نکال کر لانے والے کو 51 ہزار کا انعام آر ایس ایس کے کارکن عامر رشیدکا اعلان

حیدرآباد ۳، مئی (پی ایم آئی)گزشتہ تین روز سےبرصغیر کی معروف ترین یونیورسٹی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے یونین ہال میں بانی پاکستان کی تصویر پر شروع ہونے والا تنازع رُکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ہندو سخت گیر تنظیم آر ایس ایس کے کارکن عامر رشید کا کہنا ہے کہ جو بھی شخص یونین ہال سے محمد علی جناح کی تصویر نکال کر لائے گا اسے 51 ہزار روپے انعام دیا جائےگا۔اسی کے ساتھ انھوں نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ جو بھی یونین ہال میں ویر ساورکر، شیوا جی مہاراج، کیشور راؤ ہیڈ گیوار کی تصاویر لگائے گا اسے 1 لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔ علی گڑھ سے ملنے والی اطالات کے مطابق عامر رشید نے کہا کہ اس سے انھیں بھارتی ثقافت اور بھارتی بہادر جوانوں کی بہادری کا پتہ چلے گا اور وہ ان سے متاثر ہوں گے۔عامر رشید کا کہنا ہے کہ تاریخ کو تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہے، عوام چاہتی ہے کہ یونین ہال سے جناح کی تصویر نکالی جائے۔انھوں نے مزید کہ ملک کی آزادی میں جناح کی شراکت داری رہی ہوگی لیکن موجودہ دور میں ہم انھیں قاتل تسلیم کرتے ہیں، وہ لاکھوں بےگناہوں کے قتل کے ذمہ دار ہیں۔یونین ہال سے جناح کی تصویر ہٹانے کے لیے آرڈیننس لانے کی ضرورت نہیں ہے۔انھوں نے کہا اے ایم یو اسٹوڈینٹس یونین جناح کے نظریے کی حمایت کر رہا ہے تبھی تین دن ہوگئے اور یونین ہال سے جناح کی تصویر نہیں ہٹائی گئی ۔انھوں نے کہا اسٹوڈینٹس یونین کی جناح کے لیے محبت جاگ گئی ہے یہی وجہ ہے کہ اے ایم یو سے منان وانی جیسے طالب علم نکل رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اے ایم یو میں کچھ دقیانوسی مسلمان ہیں، یہ اپنے نظریات کی خول سے باہر نکلنا نہیں چاہتے، جن کی وجہ سے مسلمان ترقی نہیں کررہے ہیں۔عامر رشید نے بتایا کہ انھوں نے اے ایم یو میں آر ایس ایس کی شاکھا کے لیے شیخ الجامعہ (وائس چانسلر) کو خط لکھا تھا اور جگہ کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ انھوں نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ اے ایم یو میں بھی لوگ آر ایس ایس اور اس کے نظریےکو جانیں لہذا کیپمس میں زمین دینے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ جس سے ان طلبا کو معلوم ہو کہ آر ایس ایس قومی تعمیر اور کردار کی تعمیر کے لیے کیا کام کرتا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ہندو سخت گیر تنظیم کے طلبا نے اے ایم یو کیمپس میں داخل ہوکر محمد علی جناح کا پتلا نذرآتش کیا۔معاملے کے بعد اے ایم یو طلبا نے اے بی وی پی کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے پولیس اسٹیشن کا رُخ کیا تو پولیس نے انھیں روک دیا۔ اس کے باوجود طلبا نے زبردستی آگے بڑھنے کے کوشش کی نتیجتاً وہاں موجود آر اے ایف اور پولیس فورس نے ان پر لاٹھی چارج کر دیا جس کے باعث درجنوں طلباء زخمی ہوگئے۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے یونین ہال سے جناح کی تصویرٰ نکال کر لانے والے کو 51 ہزار کا انعام آر ایس ایس کے کارکن عامر رشیدکا اعلان

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں