Preparations for National Lok Adalat on December 21 in Telangana
حیدرآباد، 7 دسمبر ((پی ایم آئی)): تلنگانہ ہائی کورٹ کے معزز جج جسٹس پی سیام کوشی، جو تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویسیز اتھاریٹی کے ایگزیکٹیو چیئرمین بھی ہیں، نے 21 دسمبر کو منعقد ہونے والی مجوزہ نیشنل لوک عدالت کے سلسلے میں پولیس اور مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔
اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس، حیدرآباد، سائبرآباد اور رچہ کنڈہ کے پولیس کمشنرس، جوائنٹ کمشنر پولیس ٹریفک، کمشنر آف اکسائز، ڈائرکٹر آف پراسیکیوشن اور آر ٹی سی کے اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔ اس موقع پر نیشنل لوک عدالت میں زیر التواء مختلف مقدمات کی یکسوئی کے لیے حکمتِ عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
لوک عدالت میں کریمنل کمپاؤنڈیبل مقدمات، اکسائز کیسز، آر ٹی سی سے متعلق مقدمات، چیک باؤنس کیسز اور دیگر نوعیت کے معاملات کو باہمی رضامندی سے نمٹانے پر اتفاق کیا گیا۔ جسٹس پی سیام کوشی نے سرکاری محکمہ جات سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ مقدمات کی یکسوئی کے لیے مکمل تعاون کریں تاکہ عدالتوں پر بڑھتے ہوئے بوجھ میں کمی لائی جا سکے۔
انہوں نے کمشنر اکسائز کو ہدایت دی کہ شراب سے متعلق زیر التواء مقدمات کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو لوک عدالت میں پیش کیا جائے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس شیودھر ریڈی نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ پولیس محکمہ کی جانب سے کریمنل کمپاؤنڈیبل کیسز کی یکسوئی میں مکمل تعاون کیا جائے گا اور اس سلسلے میں تمام پولیس عہدیداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی پی لا اینڈ آرڈر مہیش بھاگوت، ایڈیشنل ڈی جی پی سی آئی ڈی شریمتی چارو سنہا، تینوں شہروں کے پولیس کمشنرس، ممبر سکریٹری لیگل سرویسیز اتھاریٹی سی ایچ پنچاکشری اور ایڈمنسٹریٹیو آفیسر ایم راجو بھی موجود تھے۔


















