عراق کا نیا فیصلہ: پچاس سال سے کم عمر اکیلے مردوں کو زیارت ویزا جاری نہیں ہوگا

اسلام آباد: عراقی حکام نے مقدس مقامات کی زیارت کے لیے ویزا پالیسی میں عمر سے متعلق نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں، جن کا مقصد زائرین کے انتظام و انصرام اور سیکیورٹی کو بہتر بنانا ہے۔

وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے ترجمان محمد عمر بٹ کے مطابق، اب عراق پچاس (50) سال سے کم عمر کے ایسے مردوں کو زیارت ویزا جاری نہیں کرے گا جو اکیلے سفر کرنا چاہتے ہوں۔
البتہ، اگر یہ افراد اپنے خاندان کے ساتھ ہوں گے تو ویزے کے لیے درخواست دے سکیں گے۔

وزارت کے مطابق، یہ فیصلہ زیارت کے عمل کو منظم کرنے اور عراقی مقدس مقامات پر زائرین کے بہتر انتظام کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی، پاکستان نے بھی عراق جانے والے زائرین کے لیے اپنی پالیسی میں ترمیم کی ہے۔
سال 2026 سے، افرادی (انفرادی) سفر کی اجازت نہیں ہوگی، اور تمام زائرین کو رجسٹرڈ گروپ سسٹم کے تحت سفر کرنا ہوگا، جو مجاز ٹور آپریٹرز اور مذہبی اداروں کے ذریعے منظم کیا جائے گا۔

یہ اقدامات حال ہی میں تہران میں ہونے والی تین ملکی کانفرنس کے بعد سامنے آئے ہیں، جس میں پاکستان، ایران اور عراق کے وزرائے داخلہ نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان مذہبی سیاحت کو فروغ دینے اور زائرین کے سفر کو سہل بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کا اختتام اس اتفاقِ رائے پر ہوا کہ نجف، کربلا، بغداد، سامرہ اور مشہد جیسے مقدس مقامات پر جانے والے زائرین کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں