ٹریفک چالانات پر آج سے ون ٹائم ڈسکاونٹ اسکیم پر عمل؛اڈیشنل کمشنر پولیس ٹریفک اے وی رنگاناتھ

25 فیصد رقم کی ادائیگی پر 75 فیصد رعایت ۔ اڈیشنل کمشنر پولیس ٹریفک کا بیان

حیدرآباد۔ 28 فروری — شہر کے حیدرآباد، سائبر آباد اور رچہ کنڈہ کمشنریٹس میں ٹریفک پولیس نے ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کے زیر التواء چالانات پر ’ون ٹائم ڈسکاؤنٹ‘ یعنی رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلہ میں اڈیشنل کمشنر پولیس ٹریفک مسٹر اے وی رنگاناتھ نے کہا کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران غریب اور متوسط طبقات انتہائی متاثر ہوئے ہیں اور انسانی بنیادوں پر چالانات کی رقومات میں کمی کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف شہر میں 500 کروڑ روپے کے چالانات یعنی 1.75 کروڑ چالانات زیر التواء ہیں اور اس اسکیم کے ذریعہ عوام کو راحت دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ مسٹر رنگاناتھ نے کہا کہ وہیکل کے 85 فیصد چالانات کا تعلق سماج کے متوسط اور اس سے کم طبقہ سیتعلق رکھنے والے افراد کے ٹو وہیلرس اور آٹوز سے ہے۔ وہیکلس کی زمرہ بندی کے ساتھ ڈسکاؤنٹ کی تجویز پیش کی گئی جس کے مطابق ٹو وہیلرس اور آٹوز زیر التواء چالانات کا اگر 25 فیصد ادا کرتے ہیں تو ماباقی 75 فیصد زیر التواء چالانات معاف کردیئے جائیں گے۔ اڈیشنل کمشنر ٹریفک نے بتایا کہ یہ چالانات آن لائن یعنی پے ٹی ایم، گوگل پے اور فون پے کے ذریعہ ادا کئے جاسکتے ہیں، اس کے علاوہ اپنے قریب کے می سیوا کے ذریعہ بھی چالانات کی ادائیگی کی جاسکتی ہے۔ یکم مارچ تا 30 مارچ تک یہ اسکیم عمل میں رہے گی اور عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اس اسکیم کا بھرپور فائدہ اٹھائیں اور بروقت چالانات کی ادائیگی کریں۔ اتناہی نہیں تلنگانہ کے ای چالان ویب سائٹ کے ذریعہ بھی جرمانہ کی رقم ادا کی جاسکتی ہے اور ماسک نہ پہننے کے ہزار روپے جرمانہ کو صرف 100 روپے ادا کیا جاسکتا ہے۔ مسٹر رنگاناتھ نے یہ واضح طور پر کہا کہ شہر میں رجسٹرڈ آٹوز کو چلانے کی اجازت رہے گی اور پڑوسی اضلاع کے آٹوز کو چلانے کی اجازت نہیں رہے گی اور اس سلسلہ میں آٹو ڈرائیورس یونین کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں