حیدرآباد۔/9جنوری،– تلنگانہ میں جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹس کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے اسٹیٹ کونسل آف ہائیر ایجوکیشن نے نیا منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت سرٹیفکیٹس کا آن لائن ویریفکیشن کیا جاسکے گا۔ ریاست میں جعلی سرٹیفکیٹس کے بڑھتے واقعات سے نمٹنے کیلئے یہ طریقہ کار کارگر ثابت ہوگا۔ جس طرح کرنسی نوٹس کی جانچ نوٹ پر موجود مختلف نشانات کے ذریعہ کی جاتی ہے اسی طرح یونیورسٹیز کی جانب سے جاری کئے جانے والے سرٹیفکیٹس کی لوگو، واٹر مارک، مخصوص کاغذ کا استعمال اور یونیک کوڈ نمبر کے ذریعہ سرٹیفکیٹس کی جانچ کی جائے گی۔ حالیہ عرصہ میں یہ واقعات منظر عام پر آئے جہاں جعلی سرٹیفکیٹس کی تیاری کے ذریعہ دھوکہ دہی کی شکایات ملی ہیں۔ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے کونسل آف ہایئر ایجوکیشن میں ایک مکمل آن لائن سرٹیفکیٹ ویریفکیشن سسٹم متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں ریاست کی یونیورسٹیز کی جانب سے جاری کئے جانے والے مارکس میمو اور دیگر سرٹیفکیٹس سرور میں محفوظ رہیں گے۔ آجرین یا کمپنیاں سرٹیفکیٹس کی آن لائن جانچ کیلئے امیدوار کے ہال ٹکٹ نمبر سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ اس خدمت کیلئے یوزر چارجس کا اطلاق ہوگا جو کونسل آف ہائیر ایجوکیشن اور متعلقہ یونیورسٹی کے درمیان تقسیم ہوں گے۔ موجودہ صورتحال میں آجرین اور بیرونی یونیورسٹیز ملازمین یا طلبہ کی جانب سے داخل کئے جانے والے اسنادات کی جانچ کیلئے متعلقہ یونیورسٹی سے ربط قائم کررہے ہیں۔ یونیورسٹی اسنادات کی جانچ کے بعد تصدیق کا مکتوب جاری کررہی ہے اور اس سارے مرحلہ کی تکمیل میں وقت لگ رہا ہے۔ نئے طریقہ کار کے تحت گزشتہ 20 برسوںکی مختلف یونیورسٹیز کے انڈر گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی پروگرامس میں کامیاب طلبہ کی تمام تر تفصیلات آن لائن دستیاب رہیں گی۔ کونسل صدرنشین پروفیسر آر لمبادری نے بتایا کہ ابتداء میں گزشتہ 20 برسوں میں کامیاب امیدواروں کے سرٹیفکیٹس کی تفصیلات ویریفیکیشن کیلئے آن لائن دستیاب رہیں گی جس کے نتیجہ میں آجرین، کمپنیوں اور بیرونی یونیورسٹیز کو سرٹیفکیٹس کی فوری جانچ میں مدد ملے گی اور جعلی سرٹیفکیٹس کا پتہ چلایا جاسکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کونسل کے عہدیدار جعلی سرٹیفکیٹس مسئلہ کا مستقل حل تلاش کرنے اور اسے روکنے تلنگانہ پولیس کی مدد حاصل کررہے ہیں۔ کونسل کا اجلاس پیر کو منعقد ہوگا جس میں ریاست کی یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس اور رجسٹرارس کے علاوہ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی شرکت کریں گے۔
تلنگانہ: ریاستی اسمبلی کے سات روزہ اجلاس 37.44 گھنٹے تک جاری رہا’ 8 بل منظور
شمش آباد میں ایئر انڈیا کی طیارہ کی ہنگامی لینڈ نگ
Recent controversy over temples and mosques: RSS chief Mohan Bhagwat’s statement welcomed by religious and political leaders
بنگلہ دیش: تبلیغی جماعت میں خانہ جنگی،خونریزی میں 4 ہلاک 50 زخمی
انڈیا اتحا اور این ڈی اے کے اراکین پارلیمنٹ کا ایک دوسرے کے خلاف احتجاج