جوبلی بس اسٹیشن تا مہاتماگاندھی بس اسٹیشن میٹرو ریل کا 7فبروری سے آغاز


چیف منسٹر چندر شیکھر راو افتتاح انجام دینگے ۔ تمام تجربات کامیاب رہے
حیدرآباد 6 فبروری۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کل 7 فبروری جمعہ کو جوبلی بس اسٹانڈ تا مہاتما گاندھی بس اسٹیشن میٹرو ریل کا افتتاح انجام دینگے ۔ یہ 11 کیلومیٹر کی راہ داری کل سے کارکرد ہوجائے گی اور اس کے ساتھ ہی حیدرآباد میٹرو ریل کا آپریشنل فاصلہ جملہ 69 کیلومیٹر ہوجائیگا ۔ اس میں پہلے مرحلہ کی کاریڈار کے 29 اور تیسرے کاریڈار کے 29 کیلومیٹر شامل ہیں ۔ مینیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل مسٹر این وی وی ایس ریڈی نے یہ بات بتائی ۔ دوسرے کاریڈار کا کل 7 فبروری کو عوام کیلئے آغاز کردیا جائیگا ۔ اس کی تجرباتی دوڑ 25 نومبر سے شروع کی گئی تھی ۔ کمشنر میٹرو ریل سیفٹی جے کے گارگ نے اس راہداری کیلئے لازمی حفاظتی سرٹیفیکٹ کی جنوری کے دوسرے ہفتے میں اجرائی عمل میں لائی گئی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ گذشتہ 45 دن سے تجرباتی دوڑ کا اہتمام کیا گیا تھا اور اس دوران تمام فنی معیارات کی بہتر انداز میں جانچ کرلی گئی ہے ۔ ان میں مسافرین کے تخلیہ کا امتحان بھی شامل تھا ۔ حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے تمام حفاظتی معیارات کا بھی خاص خیال رکھا جا رہا ہے ۔ اس کے علاوہ سگنلنگ اور محفوظ ٹرین علیحدگی کے معائنے بھی کئے گئے ۔ بریک معائنے کئے گئے اور سگنلنگ و ٹرین کنٹرول سسٹم ‘ او ایچ ای رولنگ اسٹاک اور مسافرین کیلئے اطلاعاتی اعلانات وغیرہ کے بھی تفصیلی معائنے کرلئے گئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ فی الحال یومیہ چار لاکھ مسافرین میٹرو ٹرین سے دونوں راہداریوں میں سفر کر رہے ہیں۔ یومیہ جملہ 780 ٹرپس کی جا رہی ہیں اور 18,000 کیلومیٹر کا فاصلہ طئے کیا جا رہا ہے ۔ وقت کی پابندی کا ریکارڈ 99.8 فیصد بتایا گیا ہے ۔ جس نئی راہداری کا کل افتتاح عمل میں آنے والا ہے اس میں نو اسٹیشن ہیں۔ ان میں جوبلی بس اسٹیشن ‘ پریڈ گراونڈ‘ سکندرآباد ویسٹ ‘ گاندھی ہاسپٹل ‘ مشیر آباد ‘ آر ٹی سی چورہا ‘ چکڑ پلی ‘ نارائن گوڑہ ‘ سلطان بازار اور ایم جی بی ایس۔Shar

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں