پرگتی بھون میں /11 فبروری کو کلکٹرس کی کانفرنس


دیہی علاقوں کو شہروں کی طرح ترقی دینے چیف منسٹر کے سی آر کی دلچسپی

حیدرآباد۔4فروری- چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی نگرانی میں 11 فروری کو پرگتی بھون میں کلکٹرس کانفرنس منعقد کی جائے گی اور اس کانفرنس کے دوران چیف منسٹر دیہی علاقوں کی شہری علاقوں کے طرزپر کئے جانے والے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں گے اور اضلاع کے لئے منظور کئے جانے والے بجٹ کی دوسری قسط کی اجرائی کے سلسلہ میں مشاورت کریں گے۔ ریاست میں ضلع کلکٹرس اور آئی اے ایس آفیسرس کے بڑے پیمانے پر تبادلہ کے بعد پہلی کلکٹرس کانفرنس ہونے کے سبب اس کانفرنس کو کافی اہمیت حاصل ہے اور کہا جا رہاہے کہ ضلع کلکٹرس کی اس کانفرنس کے دوران آئندہ مالی سال 2020-21 کے بجٹ کے سلسلہ میں مشاورت کی جائے گی۔بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر نے آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلہ کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے بعد ضلع کلکٹرس کے ہمراہ ریوینیو ایکٹ پر تبادلہ خیال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اس کلکٹرس کانفرنس میں ریاستی حکومت کی جانب سے نافذ کئے جانے والے ریوینیو ایکٹ کے علاوہ دیگر امور پر مذاکرات کئے جائیں گے۔ 11 فروری کو منعقد ہونے والی کلکٹرس کانفرنس میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ دیہی علاقو ںکی ترقی کا جائزہ لینے کے علاوہ عہدیداروں کو دیہی ترقیات کے سلسلہ میں تیار کئے گئے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کی ہدایت جاری کریں گے۔ریاستی حکومت کی جانب سے 11 فروری کو کلکٹرس کانفرنس کے انعقاد کے فیصلہ کے بعد کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے بجٹ کی پیشکشی کے سلسلہ میں تیار کردہ منصوبہ کو اس اجلاس کے بعد قطعیت دی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق ریاستی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت نے 15فروری کے بعد بجٹ اجلاس منعقد کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔کلکٹرس کانفرنس کے دوران ریوینیو ایکٹ‘ دیہی ترقیات ‘ بجٹ کے امور کے علاوہ ریاست میں امن و ضبط اور ضلعی سطح پر کئے جانے والے فیصلوں کو نافذالعمل بنانے اور پنچایت راج اداروں کو دئیے گئے اختیارات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات اور ان کو قبل عمل بنانے کے لئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ راست ضلع کلکٹرس کو ہدایات جاری کریں گے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں