کورونا وائرس سے نمٹنے موثر انتظامات کئے جائیں :وزیر صحت ایٹالہ راجندر

 January 29, 20200

ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے مہلک کورونا وائرس سے نمٹنے کے انتظامات کے سلسلہ میں آج ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس طلب کیا جس میں محکمہ صحت وطبابت کے اعلیٰ عہدیداراور دیگر شریک تھے ۔ ای راجندر نے عہدیداروں کو حکم دیا کہ وہ ریاست میں حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے موثر انتظامات کریں۔ اس جائزہ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری میڈیکل اینڈ ہیلت وبہبودی خاندان شانتا کماری ، سپرنٹنڈنٹ فیور ہاسپٹل نلہ کنٹہ ڈاکٹر شنکر، آروگیہ شری ٹرسٹ کے عہدیدار شریک تھے ۔ وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے عہدیداروں سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ان سے تفصیلات طلب کیں۔ انہوںنے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ممکنہ انتظامات کریں اور اس کے لئے تیار رہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس سے متعلق افواہوں پر توجہ نہ دیں اور اس بارے میں پریشان نہ ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں مہلک کورونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ۔ مہلک وائرس کے پھیلنے کے بارے میں غیر مصدقہ اطلاعات، فرضی خبروں اور افواہوں پر عوام کو یقین نہیں کرنا چاہئے ۔ انہوںنے کہا کہ ریاست کا صحت عامہ شعبہ، صورتحال پر قریبی نظر بنائے ہوئے ہے ۔ بیرونی ممالک سے آنے والے تمام مسافرین کا شمس آباد ایر پورٹ پر اسکریننگ ٹسٹ کیا جارہا ہے۔ ایٹالہ راجندر نے آئندہ ماہ سے میڈارم میں شروع ہونے والی قبائلی جاترا کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا ۔ انہوںنے کہا کہ مرکزی ٹیم نے گاندھی ہاسپٹل کا دورہ کرتے ہوئے خصوصی وارڈ کا معائنہ کیا جس میں40 بستروں کی گنجائش فراہم کی گئی ہے ۔ اس وارڈ میں کرونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کو علاج کیلئے رکھا جائے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں