یمنی سرکاری فوج نے صوبہ الجوف اور البیضاء میں سعودی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرکے متعدد مسلح افراد کو ہلاک کردیا ہے۔
مقامی خبررساں ادارے نے المیادین کے حوالے سے بتایا ہے کہ یمنی سرکاری فوج نے اس ملک کے دو حساس صوبوں میں مفرور صدر منصور ہادی کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرکے دسیوں شرپسندوں کو ہلاک یا زخمی کردیا ہے۔
یمنی ذرائع کے مطابق فوج اور عوامی رضاکار فورسز نے شمال مشرقی البیضا کے علاقے ”الظہرہ” میں ایک منفرد کارروائی کرکے کئی غیرملکی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
دوسری طرف دارالحکومت صنعاء کے علاقے ”نہم” میں آل سعود کے حمایت یافتہ کرایے کے فوجیوں اور یمنی سرکاری فوج کے درمیان شدید جھڑپوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق “المجاوِحه”، “عیده”، ”کوه” اور ”المِنصاع” میں شدید جھڑپیں ہورہی ہیں اور طرفین کو کافی جانی نقصانات کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے مختلف علاقوں خاص کر نہم کے علاقے الخنشات پر شدید حملے کئے ہیں۔
واضح رہے کہ آل سعود کو یمن میں بدترین شکست کا سامنا ہے، روزانہ کی بنیاد پر دسیوں فضائی حملے کرنے کے باجود یمنی سرکاری فوج سعودی حمایت یافتہ اہلکاروں کے خلاف پوری کامیابی کے ساتھ کارروائیاں کررہی ہیں۔
یمنیوں کا کہنا ہے کہ آل سعود پیسوں کے بل بوتے پر دنیا بھر سے کرایے کے دوجیوں کے ذریعے نہتے یمنی مسلمانوں کا قتل عام میں مصروف ہے۔