حیدرآباد’9 مئی (پی ایم آئی) مقدس ماہِ محرم 2026 کے پیشِ نظرامجد اللہ خاں’ سید امداد حسین ’ شکیل اور دیگر عقیدت مندوں پر مشتمل ایک وفد نے تلنگانہ حکو مت کے مشیر جناب محمد علی شبیرّ سے ملاقات کرتے ہوئے حکومتِ تلنگانہ سے اپیل کی کہ تاریخی اور مقدس بی بی کا علم جلوس کے لیے مستقل ہا تھی کا انتظام کیا جائے۔
اس موقع پر امجد اللہ خان نے کہا کہ بی بی کا علم صرف ایک روایت نہیں بلکہ واقعۂ کربلا، خضرت امام حسینؑاور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد اور عقیدت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صدیوں پرانی مذہبی روایت کے تقدس اور وقار کو برقرار رکھنا حکومت اور عوام دونوں کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں سے وہ مسلسل چیف منسٹرریونت ریڈی’ کونڈا سریکھا اور محمد علی شبیر سے نمائندگی کرتے آرہے ہیں کہ حکومت اپنے ہاتھی خریدے تاکہ ہر سال محرم اور بونال تہوار کے دوران دیگر ریاستوں سے ہاتھی منگوانے کی ضرورت پیش نہ آئے۔
محمد علی شبیر نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومتِ تلنگانہ دو ہاتھی خریدنے کے لیے سنجیدگی سے غور کر رہی ہے، تاہم ان کی رہائش، دیکھ بھال اور سالانہ اخراجات کے حوالے سے مناسب انتظامات پر غور جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں نظام ٹرسٹ کے پاس اپنا ہاتھی موجود تھا اور اس کے تمام اخراجات ٹرسٹ برداشت کرتا تھا، لیکن ہاتھی کی وفات کے بعد حکومت کو ہر سال دیگر ریاستوں سے ہاتھی کرایہ پر لانے پڑتے ہیں۔
امجد اللہ خان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ محرم سے متعلق تمام ترقیاتی اور مرمتی کام محرم 2026 کے آغاز سے قبل مکمل کیے جائیں تاکہ عزاداروں، زائرین اور عقیدت مندوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ محرم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے فوری طور پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جائے تاکہ حیدر آباد میں محرم الحرام کی مذہبی روایات اور یادِ کربلا کے تقدس کے مطابق تمام تیاریاں بروقت اور باوقار انداز میں مکمل کی جاسکیں۔(pressmediaofindia.com)


















