تلنگانہ کانسٹیبل کی بیٹی نے انڈین فارسٹ سروس امتحان میں آل انڈیا رینک 119 حاصل کرلی، ڈی جی پی بھگوت آئی پی ایس کی رہنمائی رنگ لے آئی

حیدرآباد، 9 مئی: تلنگانہ پولیس کے لیے فخر کا لمحہ اس وقت سامنے آیا جب حاضر سروس ہیڈ کانسٹیبل چلہ یادگیری کی دختر چلہ یامنی نے انڈین فارسٹ سروس (IFoS) امتحان 2025 میں آل انڈیا رینک (AIR) 119 حاصل کرلیا۔ ان کی شاندار کامیابی نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پوری تلنگانہ پولیس کا نام روشن کردیا۔

چلہ یادگیری اس وقت سوریہ پیٹ رورل پولیس اسٹیشن میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ایک دیہی پولیس خاندان سے تعلق رکھنے والی یامنی نے اپنی محنت، لگن اور عزم کے ذریعہ ملک کے انتہائی باوقار مقابلہ جاتی امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کی، جس پر ریاست بھر میں خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

یامنی ان 84 کامیاب امیدواروں میں شامل ہیں جنہیں سینئر آئی پی ایس آفیسر مہیش مرلی دھر بھگوت کی سرپرستی اور رہنمائی حاصل رہی۔ مہیش بھگوت اس وقت تلنگانہ کے ڈی جی پی (لاء اینڈ آرڈر) کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور کئی برسوں سے سیول سرویس امیدواروں کی رہنمائی کر رہے ہیں۔

یونین پبلک سروس کمیشن (UPSC) کی جانب سے 8 مئی کو جاری کردہ نتائج کے مطابق اس سال ملک بھر میں 148 امیدوار انڈین فارسٹ سروس کے لیے منتخب ہوئے، جن میں سے 84 امیدوار ایسے تھے جنہوں نے بھگوت کی رہنمائی میں انٹرویو اور شخصیت سازی کی تربیت حاصل کی۔

یہ مینٹورشپ پروگرام مسلسل تیسرے سال بھی ایک منفرد ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب رہا، کیونکہ 2023، 2024 اور 2025 میں انڈین فارسٹ سروس امتحان کے آل انڈیا رینک 1 حاصل کرنے والے امیدوار بھی اسی رہنمائی پروگرام سے وابستہ رہے۔
اس پروگرام سے صرف تلنگانہ ہی نہیں بلکہ ملک کی مختلف ریاستوں کے امیدوار بھی مستفید ہوئے ہیں۔ مہاراشٹرا کے اہلیہ نگر ضلع سے تعلق رکھنے والے پوار اکشے ہری بھاؤ نے بھی آل انڈیا رینک 81 حاصل کیا۔
نتائج پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مہیش مرلی دھر بھگوت نے اس کامیابی کا سہرا سینئر افسران، ماہرین تعلیم اور رضاکارانہ طور پر رہنمائی کرنے والی ٹیم کے سر باندھا۔ انہوں نے کہا کہ سیول سرویس میں کامیابی کے بعد اصل ذمہ داری عوامی خدمت، نظم و ضبط اور عاجزی کے ساتھ فرائض انجام دینا ہے۔

انہوں نے ان امیدواروں کو بھی حوصلہ دیا جو اس مرتبہ کامیاب نہیں ہو سکے اور کہا کہ وہ مایوس نہ ہوں بلکہ اپنے نتائج کا جائزہ لے کر نئی حکمت عملی کے ساتھ دوبارہ کوشش کریں۔
چلہ یامنی کی کامیابی اب تلنگانہ پولیس خاندان کے لیے ایک مثال بن گئی ہے۔ ان کی یہ کامیابی ثابت کرتی ہے کہ محنت، مناسب رہنمائی اور عزم کے ذریعے کسی بھی منزل کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔(pressmediaofindia.com)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں