وزیر اعلی ریونت ریڈی یکم جنوری کو5 بجے83ویں کل ہند صنعتی نمائش کا افتتاح کریں گے:ریاستی وزیر و صدر نمائش سوسائٹی سریدھر بابو

نمائش میں داخلہ ٹکٹ فی کس40 روپے رہے گا تاہم اس سال بھی نمائش میں یوم خواتین نہیں رہے گا
عمر رسیدہ افراد کو صبح 11 تا دوپہر 3 بجے تک گاڑیوں میں مشاہدہ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے

حیدرآباد 30 دسمبر ۔ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت و صدر نمائش سوسائٹی ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ یکم جنوری کو چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نمائش میدان پر 83 ویں کل ہند صنعتی نمائش کا افتتاح کریں گے ۔ یکم جنوری تا 15 فروری نمائش جاری رہیگی ۔ داخلہ فیس 40 روپئے مقرر کی گئی ہے
۔صحا فیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سریدھر بابو نے کہا کہ گذشتہ 8 دہوں سے نمائش کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ میں ہونے والی کل ہند نمائش کی قومی سطح پر اہمیت ہے ۔ ملک کی مختلف ریاستوں سے سرکاری و خانگی شعبہ نمائش میں اسٹالس لگاتے ہیں اور ملک کی مختلف ریاستوں سے شہر پہونچکر عوام نمائش کا مشاہدہ کرتے ہیں اور ضرورت کی اشیاء خریدتے ہیں نمائش میں 2400 اسٹالس لگائے گئے ہیں ۔ مختلف اشیاء کی تجارت اور ایک ہی جگہ تمام اشیاء کی فروخت کیلئے سوسائٹی کی جانب سے ہر سال نمائش کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔ اسٹالس لگانے والے تاجرین کو آمدنی ہوتی ہے اور عوام کو ایک ہی مقام پر تمام اشیاء دستیاب ہوجاتی ہے ۔


انہوں نے بتایا کہ نمائش سوسائٹی ایک غیر منافع بخش سوسائٹی ہے جس کی آمدنی سے شہر اور ریاست بھر میں 20تعلیمی ادارے چلائے جاتے ہیں۔ جس میں 3ہزار طلبا وطالبات ہر سال تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ نمائش سوسائٹی گذشتہ84سال سے کامیابی کے ساتھ قلب شہر میں نمائش کااہتمام کررہی ہے۔
کل صنعتی نمائش حیدرآباد کی ایک شان ہے اور ہم سب کو اس پر فخر ہے کہ نمائش صرف نمائش نہیں بلکہ یہ ایک ایسا پلاٹ فام ہے جہاں حیدرآباد تہذیب وتمدن، سماجی، تعلیمی، معاشی،صنعتی، سائنسی، تاریخی، دستکاری اشیاء کے فروغ اور اس کی تشہیر کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔


نمائش کو دیکھنے اور خریداری کرنے اور سیر و تفریح کرنے لاکھوں عوام پہونچتے ہیں ان کی سیکوریٹی کیلئے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں ۔ آتشزدگی واقعات پر فوری کنٹرول کرنے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں ۔
صدر نمائش سوسائٹی سریدھر بابو نے کہا کہ عمر رسیدہ افراد کو صبح 11 تا دوپہر 3 بجے تک گاڑیوں میں مشاہدہ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ نمائش کے پیش نظر آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔ نامپلی اور گاندھی بھون میٹرو اسٹیشن نمائش میدان کے قریب ہیں ۔ میاں پور ‘ناگول‘ رائے درگم کے درمیان چلنے والی میٹرو ٹرینوں کو نمائش کے پیش نظر دیر رات تک چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ میٹرو ریل کیلئے اسپیشل ٹکٹ کاونٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں