نئی دہلی -–
حقیقی کنٹرول لائن (ایل اے سی) پرہند چین کشیدگی اور وادی گلوان میں پیش آنیوالے تازہ واقعات کے پیش نظرمرکزی حکومت نے جو اقدامات کئے ہیں انہیں لیفٹیننٹ جنرل (آر) سید عطا حسنین نے انتہائی بروقت قرار دیا ہے۔
اپنے ایک تجزیہ میں انہوں نے چینی حکمت عملی کا مقابلہ کرنے کیلئے معلومات میں مکمل شفافیت کو ہندستان کی جانب سے ابلاغ کی ایک اچھی حکمت عملی گردانتے ہوئے کہ اس پس منظر میں مرکزی حکومت کا 20 سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے 19 جون 2020 کو مٹنگ طلب کرنا ایک اہم فیصلہ تھا۔ اس کل جماعتی اجلاس میں وادی گلوان سے متعلق متعدد معاملات کی وضاحت کی گئی جہاں ہندستان اور چین دونوں جانب بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اتفاق رائے کے پیچھے ایک تاریخ ہے اور سیاسی قیادت کی اعلی سطح کے فیصلے پ اس کا خاطر خواہ اثر پڑتا ہے۔ 1971 کے ہند- پاک تنازعہ سے قبل بھی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کو اپوزیشن کی طرف سے کھلی حمایت ملی تھی۔ 1999 کے کرگل تنازعہ کے دوران سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کو بھی یہ تائید حاصل تھی۔
اس استدلال کیساتھ کہ مختلف وجوہ کی بناء پر چین کے ساتھ موجودہ تنازع کا تعلق نہ جنگ سے ہے نہ امن سے، انہوں نے کہا کہ یہ ایک پیچیدہ صورتحال ہے جس سے نمٹنے کیلئے سیاسی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔
جنرل سید عطا حسنین کے مطابق مغربی سرحد پر لائن آف کنٹرول کے برعکس چین کے ساتھ شمالی بارڈر پر حقیقی کنٹرول لائن (ایل اے سی) کے تعلق سے ہندستان اور چین کی سوچ مختلف ہے۔ ان سرحدوں پر ایل اے سی کی تبدیلی کا فیصلہ ان پہلے مسائل میں شامل ہونا تھا جس کو۱۹۹۳ء کے امن معاہدے کے سرحدی پروٹوکول کے مطابق طے کیا جاتا۔ اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ سرحد کی حتمی شکل کے حصول میں استحکام ہوگا اور تناؤ کے بغیر اس کے حل کو آسان بنایا جائے گا۔ تاہم ماضی میں مختلف دعوؤں پر مبنی نقشوں کے تبادلے کے باوجود چین اس طرح کے خاکے سے اتفاق کرنے سے مسلسل انکار کرتا رہا ہے۔ ایک مبہم لائن اور مختلف دعوؤں کی لکیریں ہیں اور چین اپنی حکمت عملی کے مطابق اپنے دعویٰ کی لائنوں کو وقتا فوقتا بدلتا رہتا ہے