حیدرآباد 4 مارچ (پی ایم آئی)پولیس سائبرآباد نے آئی ٹی گرڈس کمپنی کی جانب سے عوام کا ڈیٹا چوری کئے جانے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کمپنی پر دھاوا کیا اور بڑے پیمانے پر تلاشی لی۔ سائبرآباد کی مادھاپور پولیس نے آئی ٹی گرڈ انڈیا پرائیوٹ لمیٹیڈ کے دفتر پر دھاوا کیا اور وہاں سے کمپیوٹرس اور دیگر الیکٹرانک اشیاء ضبط کرلئے۔ پولیس کمشنر سائبرآباد وی سی سجنار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کوکٹ پلی کے ساکن ٹی لوکیشور ریڈی نے سائبرآباد پولیس سے شکایت درج کرواتے ہوئے کہاکہ عوام کے نجی معلومات اور اہم تفصیلات کو سیوا مترا اپلیکیشن کے ذریعہ چوری کرلیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس درخواست کی بنیاد پر پولیس مادھاپور نے مجرمانہ سازش، دھوکہ دہی، جعلسازی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور ایپا سوسائٹی مادھاپور میں واقع آئی ٹی گرڈس انڈیا پرائیوٹ لمیٹیڈ پر دھاوے کئے۔ اُنھوں نے کہاکہ مذکورہ ادارہ نے سیوا مترا موبائیل اپلیکیشن بنایا تھا۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ آئی ٹی گرڈ انڈیا تلگودیشم پارٹی کی جانب سے متعارف کردہ سیوا مترا اپلیکیشن بھی تیار کیا تھا اور آندھراپردیش کے حلقہ جات اسمبلی کی اساس پر ووٹرس کا ڈیٹا حاصل کیا گیا جس میں سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے ووٹرس کا بھی ڈیٹا موجود ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مذکورہ ادارہ نے آندھراپردیش کے عوام کے اہم معلومات حاصل کئے اور اُسے سیاسی طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی۔ سجنار نے کہاکہ ابتدائی تحقیقات میں اُنھیں یہ معلوم ہوا کہ آئی ٹی گرڈ انڈیا پرائیوٹ لمیٹیڈ نے غیرقانونی طور پر آندھراپردیش کے عوام کا ڈیٹا حاصل کیا اور اِس بنیاد پر سروے کرتے ہوئے سینکڑوں افراد کے نام فہرست رائے دہندگان سے حذف کردیئے۔ اُنھوں نے کہاکہ آندھراپردیش میں اِس ادارہ کے خلاف 45 تا 50 مقدمات درج کئے گئے ہیں اور سائبرآباد پولیس امیزان ویب سرویسس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سیوا مترا اپلی کیشن سے متعلق تمام تفصیلات اور ڈیٹا فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سجنار نے کہاکہ آدھار کارڈ تیار کرنے والی یو آئی ڈی آئی اور الیکشن کمیشن آف انڈیا سے بھی اِس سلسلہ میں رابطہ قائم کیا گیا ہے۔ سجنار نے کہاکہ دھاوے کے دوران پولیس کو کئی الیکٹرانک گیاجٹس، ہارڈ ڈسک اور موبائیل فون وغیرہ برآمد ہوئے ہیں اور اُن کا تجزیہ کیا جارہا ہے۔ کمشنر سائبرآباد نے کہاکہ دھاوے کے دوران آئی ٹی گرڈس کے 4 ملازمین آر بھاسکر، کے فنی کمار، آر وکرم گوڑ اور جی چندرشیکھر کے بیانات قلمبند کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ مذکورہ 4 ملازمین اچانک غائب ہونے کے نتیجہ میں اُس کے ساتھی ملازمین نے تلنگانہ ہائیکورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے حبس بیجا کی رٹ درخواست داخل کی تھی جس کے نتیجہ میں پولیس مادھاپور نے آج ہائیکورٹ کے جسٹس سباراؤ کے مکان پر مذکورہ ملازمین کو پیش کیا اور جج نے حبس بیجا درخواست کو خارج کردیا۔ باور کیا جاتا ہے کہ کوکٹ پلی پولیس اسٹیشن میں آندھراپردیش کے بعض پولیس ملازمین کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کئے جانے کی اطلاع دی۔ ایک اور کارروائی میں ایس آر نگر پولیس نے آئی ٹی گرڈس انڈیا پرائیوٹ لمیٹیڈ کمپنی کے ڈائرکٹر ڈی اشوک اور اُس کے ساتھیوں کے خلاف دھوکہ دہی کا ایک مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس کے بموجب وائی ایس آر کانگریس لیڈر دشرتھ رامی ریڈی نے پولیس ایس آر نگر سے شکایت درج کرواتے ہوئے یہ الزام عائد کیاکہ آئی ٹی گرڈس کمپنی کی جانب سے سیوا مترا اپلی کیشن کے ذریعہ تلگودیشم کے حامیوں اور اُن کے مخالفین کی نشاندہی کی کوشش کی اور سینکڑوں افراد کے ناموں کو ووٹر لسٹ سے خارج کردیا گیا۔ پولیس ایس آر نگر نے ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
تلنگانہ: ریاستی اسمبلی کے سات روزہ اجلاس 37.44 گھنٹے تک جاری رہا’ 8 بل منظور
شمش آباد میں ایئر انڈیا کی طیارہ کی ہنگامی لینڈ نگ
Recent controversy over temples and mosques: RSS chief Mohan Bhagwat’s statement welcomed by religious and political leaders
بنگلہ دیش: تبلیغی جماعت میں خانہ جنگی،خونریزی میں 4 ہلاک 50 زخمی
انڈیا اتحا اور این ڈی اے کے اراکین پارلیمنٹ کا ایک دوسرے کے خلاف احتجاج