نئی دہلی، 22 جولائی –
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بدھ کے روز مشرقی
لداخ میں ہندوستان اور چین کی فوجوں کے مابین کشیدگی اور تعیناتی کم کرنے کی
کوششوں کی تعریف کی اور ساتھ ہی ہندوستانی فضائیہ کو آگاہ کیا کہ وہ کسی بھی
مخالف صورتحال کے لیے ہر وقت تیار رہے وزیر دفاع یہاں فضائیہ کے کمانڈرس کے
پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ فضائیہ کے ہیڈکوارٹر ’وایو بھون‘ میں بدھ کے روز اس
پروگرام سے ایئر چیف مارشل آر کے سنگھ بھدوریا نے بھی خطاب کیا۔
مسٹر سنگھ نے فضائیہ کے تمام کمانوں کے کمانڈروں سے خطاب
کرتے ہوئے گذشتہ کچھ ماہ میں ہندوستانی فضائیہ کے آپریشن کی استعداد میں اضافے کے
لیے فعالیت سے کیے گئے کام کی تعریف کی اور کہا کہ فضائیہ نے جس پیشہ وارانہ ڈھنگ
سے بالاکوٹ میں ایئر اسٹرائک آپریشن کیا اور مشرقی لداخ میں پیدا شدہ چیلنج بھرے
حالات میں جتنی تیزی سے اہلکاروں اور سازوسامان کی تعیناتی کی‘ اس سے ہمارے دشمنوں
کو سخت پیغام گیا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ اپنی خود مختاری کی حفاظت کسی قوم
کا عزم، اس ملک کے عوام کا مسلح افواج کی استعداد پر یقین سے مضبوط ہوتا ہے۔ انہوں
نے ایکچول کنٹرول لائن پر جاری کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی تعریف کی اور ساتھ ہی
یہ بھی کہا کہ فضائیہ کو کسی بھی مخالف صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے ہمیشہ تیار
رہنا چاہیے۔