لکھنؤ، 9 اگست: اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اتوار کے روز الزام عائد کیا کہ سوشل میڈیا بھارت کے خلاف سازشوں کے لیے ایک ذریعہ بنتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مخالف عناصر سوشل میڈیا کا استعمال افواہیں پھیلانے اور معاشرے کو گمراہ کرنے کے لیے کر رہے ہیں۔
کاکوری میں ’کاکوری ٹرین ایکشن صد سالہ تقریبات‘ کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ نے الزام عائد کیا کہ ایک سازش کے تحت موجودہ نسل کو ملک کے متعدد انقلابیوں اور مجاہدین آزادی کی قربانیوں پر فخر کرنے سے دور رکھنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد کئی اداروں کے نام ’’ایک خاندان‘‘ کے افراد کے نام پر رکھے گئے، جو بظاہر نہرو-گاندھی خاندان کی طرف اشارہ تھا۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ 2014 میں نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد ملک کے کئی مجاہدین آزادی اور انقلابیوں کو ان کا جائز مقام اور اعتراف ملنا شروع ہوا ہے۔
انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ ملک کی آزادی کی جدوجہد اور انقلابیوں کی قربانیوں کے بارے میں معلومات حاصل کریں اور ان کی خدمات کو یاد رکھیں۔


















